ابوظہبی، 28 جون، 2024 (وام) – ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری نے اپنی عالمی موجودگی کو وسعت دیتے ہوئے استنبول، ترکی میں اپنا ساتواں دفتر کھول دیا ہے۔ یہ اقدام ادارے کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے تحقیق کے میدان میں معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ اس تعاون سے حاصل ہونے والی بصیرت کو دور اندیشی پر مبنی تحقیقی مواد کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا، جو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
دفتر کے افتتاح کی تقریب ایک ہی وقت میں استنبول اور ابوظہبی میں منعقد ہوئی، جس میں حکام، محققین اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔
ترکی کے شہر استنبول میں کھولا جانے والا یہ دفتر دراصل ابوظہبی میں قائم ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کے مرکزی دفتر کی معاونت کے لیے کھولے گئے کئی شاخوں میں سے ایک ہے۔ ادارے کے دیگر دفاتر دبئی، قاہرہ، رباط، کیپ ٹاؤن، مونٹریال اور بیجنگ میں پہلے ہی موجود ہیں۔ ادارے کا ہدف دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں دس دفاتر کھولنے کا ہے، تاکہ علم کے فروغ کے لیے ایک عالمی پل کا کردار ادا کیا جا سکے۔