دبئی، 2 جولائی، 2024 (وام) --دبئی فیوچر فاؤنڈیشن اور دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (ڈی آئی ایف سی) کورٹس کی مشترکہ کاوش سے خلائی تنازعات کے حل کے لیے پہلی بین الاقوامی موٹ کورٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں 15 یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا جس کے ابتدائی اور کوارٹر فائنل راؤنڈ چار روز تک جاری رہے۔ سیمی فائنل اور فائنل ڈی آئی ایف سی کورٹس میں منعقد ہوئے۔
قطر کی حمد بن خلیفہ یونیورسٹی نے اس مقابلے میں گجرات نیشنل لا یونیورسٹی کو شکست دے کر فتح حاصل کی۔ اس موٹ کورٹ کے شرکاء نے ڈی آئی ایف سی کورٹس کے قوانین کا گہرا مطالعہ کیا اور خلائی سیاحت سے متعلق معاہدوں کی خلاف ورزی اور دیگر تنازعات جیسے نئے ابھرتے ہوئے مسائل پر اپنی معلومات میں اضافہ کیا۔
ڈی آئی ایف سی کورٹس کے ڈائریکٹر جسٹس عمر المھیری نے کہا کہ دبئی کی عدالتیں مستقبل میں خلا سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے ماہر ججوں کو تیار کر رہی ہیں۔
دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے سی ای او خلفان بلہول نے کہا کہ دبئی اختراعی سوچ رکھنے والوں کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔ موٹ کورٹ نوجوان ٹیلنٹ کو روایتی سرحدوں سے آگے بڑھ کر نئے تجربوں کی حد تلاش کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔