ادنوک گیس کا 2 ارب درہم کے معاہدوں سے گیس انفرااسٹرکچر میں توسیع کا اعلان

ابوظہبی، 15 جولائی 2024 (وام) – ادنوک گیس پی ایل سی نے آج متحدہ عرب امارات کے سیلز گیس پائپ لائن نیٹ ورک کی بہتری کے منصوبے ‘استدامہ’ کے بقیہ کام کے لیے انجینئرنگ، خریداری اور تعمیر (ای پی سی) کے معاہدوں کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔

یہ معاہدے مجموعی طور پر 2 ارب درہم (550 ملین امریکی ڈالر) مالیت کے ہیں اور نیشنل میرین ڈریجنگ کمپنی اور گلفار انجینئرنگ اینڈ کنٹریکٹنگ کو دیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کی تقریباً 70 فیصد مالیت ادنوک کے ان-کنٹری ویلیو (آئی سی وی) پروگرام کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی معیشت میں واپس آنے کی توقع ہے، جو مقامی معاشی ترقی اور تنوع کی حمایت کرتا ہے۔

ادنوک گیس نے یہ بھی اعلان کیا کہ ‘استدامہ’ کی ملکیت ادنوک گیس سے ادنوک کو منتقل کی جا رہی ہے، جس سے ادنوک گیس کی سرمایہ کاری کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ملکیت کی منتقلی کے بعد، ادنوک گیس تعمیر اور پائپ لائن آپریشنز میں اپنی مہارت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ‘استدامہ’ کا انتظام جاری رکھے گی۔

‘استدامہ’ متحدہ عرب امارات کے قدرتی گیس پائپ لائن نیٹ ورک کو آدنوک گیس کے زیر انتظام تقریباً 3,200 کلومیٹر سے بڑھا کر 3,500 کلومیٹر سے زیادہ کر دے گا، جس سے متحدہ عرب امارات کی شمالی امارات میں صارفین کو زیادہ مقدار میں قدرتی گیس کی ترسیل ممکن ہوگی۔

ادنوک گیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احمد محمد العبری نے کہاکہ، "ان معاہدوں کی منظوری متحدہ عرب امارات کے گیس پائپ لائن نیٹ ورک کی جاری توسیع کی حمایت کرتی ہے، جو ملک بھر میں مزید مقامات پر کم لاگت اور پائیدار قدرتی گیس لائے گی۔ ہمیں ملک بھر میں گیس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے اور گیس کی خود کفالت کے متحدہ عرب امارات کے ہدف کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔"