دبئی، 16 جولائی، 2024 (وام) --دبئی چیمبرز نے متحدہ عرب امارات کے ٹیکس نظام کے بارے میں مقامی کاروباری برادری کی آگاہی بڑھانے کے لیے اپنے صدر دفتر میں 'کمپلائنس چیلنجز ورکشاپ 2024' کا انعقاد کیا۔
وفاقی ٹیکس اتھارٹی کے تعاون سے منعقد کی جانے والی اس ورکشاپ میں 130 شرکاء نے شرکت کی اور انہیں متحدہ عرب امارات میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں پر لاگو ہونے والے اہم ٹیکسوں کا ایک جائزہ پیش کیا گیا۔ ان ٹیکسوں میں ایکسائز ٹیکس اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے طریقہ کار کو بھی سمجھایا گیا۔
اس اجلاس میں انتظامی جرمانے کی چھوٹ اور قسطوں کی ادائیگی کے منصوبے کی درخواستوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی ٹیکس اتھارٹی کے ‘موفق’ پیکیج کو بھی نمایاں کیا گیا جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے ٹیکس سے متعلق امور میں مدد فراہم کرتا ہے۔
شرکاء کے ٹیکس سے متعلق تمام سوالات کے جوابات دینے کے لیے ایک انٹرایکٹو سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔ دبئی چیمبرز کی بزنس ایڈووکیسی کی نائب صدر، مہا الغرگاوی نے اس موقع پر کہا کہ، "ہماری یہ کوشش ہے کہ نجی شعبے کے لوگ ٹیکس کے نظام سے واقف ہوں۔ اس سے کمپنیاں اپنے ٹیکس کی ذمہ داریاں پوری کرنے کے قابل ہوں گی جس سے دبئی کے سازگار کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔"
وفاقی ٹیکس اتھارٹی میں ٹیکس دہندگان کی خدمات کی ڈائریکٹر، زہرہ الدہمانی نے کہا کہ ورکشاپ کا انعقاد ایک ایسے ٹیکس ماحول کی تشکیل کے لیے اتھارٹی کی حکمت عملی سے مطابقت رکھتا ہے جو رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور ٹیکس قانون سازی اور طریقہ کار سے آگاہی فراہم کرتا ہے۔