نیویارک، 18 جولائی، 2024 (وام) – اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے "فلسطینی ریاست کے قیام" کے خلاف اسرائیلی کنیسٹ کے ووٹ پر مایوسی کا اظہار کیاہے۔
ایک بیان میں سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے زور دے کر کہا کہ گوٹیریس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل اور فلسطینی عوام کے درمیان پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ قبضے کا خاتمہ اور مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل حاصل کرنا ہے۔ اس حل کے تحت ایک آزاد، متحد، خود مختار اور پائیدار فلسطینی ریاست 1967 کی سرحدوں کے اندر قائم ہو جو اسرائیل کے ساتھ امن سے رہے۔
ترجمان نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی کنیسٹ کا ووٹ اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور سابقہ معاہدوں کے خلاف ہے۔
قبل ازیں، گٹیرس نے سلامتی کونسل میں مقبوضہ مغربی کنارے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس سے ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے پیش رفت پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور پرامن مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کے حصول کی اہمیت پر زور دیاتھا۔