حاکم شارجہ کی الدھید میں آگ سے متاثرہ دکانوں کے لیے معاوضے کی ہدایت

شارجہ، 25 جولائی، 2024 (وام) – سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران عزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے انیشی ایٹوز امپلی منٹیشن اتھارٹی 'مبدرہ' کو ہدایت کی ہے کہ وہ جمعرات کے روز الدھید شہر کی شریعہ مارکیٹ میں آتشزدگی سے متاثر ہونے والے کاروباری اداروں کے لئے متبادل احاطے کی فراہمی میں تیزی لائے۔

ہدایت میں واضح کیا گیا ہے کہ ان متبادل اسٹورز کو تین دن کے اندر اندر مکمل فرنیچر، سازوسامان اور ایئر کنڈیشننگ کے ساتھ قائم کیا جائے۔

حاکم شارجہ نے کنکریٹ سے بنے 60 سے زائد مستقل تجارتی اسٹورز پر مشتمل ایک نئی مارکیٹ کی فوری تعمیر کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ نئی مارکیٹ کھجور کے پتوں سے بنی پچھلی مارکیٹ کی جگہ لے گی جس میں صرف 16 اسٹورز تھے۔

شیخ سلطان نے متاثرہ دکانداروں کو نئی مارکیٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کے نقصانات کا بھرپور مالی معاوضہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت شارجہ ریڈیو کے پروگرام "ڈائریکٹ لائن" کے دوران دی گئی ہیں۔