انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے امارات پرعزم: وزیر انصاف

ابوظہبی، 29 جولائی، 2024 (وام) -- وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اس جرم کے خلاف بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر آگاہی اور مربوط کوششوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے جو عالمی سطح پر ایک سنگین جرم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'نیشنل کمیٹی ٹو کامبیٹ ہیومن ٹریفکنگ' نے اس جرم کی نوعیت اور اس کے ارتکاب کے طریقوں کے مسلسل ارتقاء کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ پالیسیوں اور قانون سازی کا جائزہ لیا ہے۔ اس سے قومی نظام کو مضبوط بنانے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کا واضح لائحہ عمل وضع کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا مقصد معصوم افراد، خاص طور پر بچوں کو اس جرم کا شکار ہونے سے بچانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس جرم کی نگرانی اور متاثرین کی شکایات وصول کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی کوششوں کے نتیجے میں 2023 میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک نیا قانون نافذ کیا گیا جس میں متاثرین کے تحفظ اور مجرموں کے خلاف سخت سزاؤں کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

وزیر انصاف نے مزید بتایا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور بیورو کریسی کو کم کرنے کی ہدایات کے بعد وزارت انصاف انسانی اسمگلنگ کے متاثرین کی شکایت کے لیے ایک الیکٹرانک نظام شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس نظام کا مقصد متاثرین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں فوری طور پر قانونی امداد فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بین الاقوامی جرم کو کم کرنے کے لیے تمام ممالک اور متعلقہ اداروں کے درمیان بین الاقوامی تعاون اور یکجہتی کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔