طوفان گامی سے 7 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد متاثر، 3 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد کا انخلا

فوجو/شینیانگ، چین ، 30 جولائی، 2024 (وام) -- رواں سال کا تیسرا بڑا طوفان ’گامی‘ چین کے صوبہ فوجیان سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں 7 لاکھ 66 ہزار 900 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق طوفان سے ہونے والا مجموعی معاشی نقصان 1.6 ارب یوآن (تقریباً 22 کروڑ 43 لاکھ امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گیا ہے۔

اتوار کی صبح تک فوجیان میں 3 لاکھ 12 ہزار 700 افراد کو خطرے کے علاقوں سے نکال لیا گیا تھا۔ صوبائی محکمہ سیلاب سے جاری بیان کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 69 ہزار 400 افراد اور 15 ہزار 600 آلات پر مشتمل 2 ہزار 763 ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئی ہیں۔

فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم طوفان کے باعث صوبے بھر میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں، جس سے 17 دریاؤں میں طغیانی آگئی۔ بجلی کی فراہمی میں تعطل کے بعد صورتحال قابو میں لائی جاچکی ہے اور مواصلاتی رابطے بحال ہیں۔