لندن، 30 جولائی، 2024 (وام) --برطانوی ماہرین نے ایک حیران کن دریافت میں بتایا ہے کہ منہ میں پائے جانے والے ایک بیکٹیریا ’فیوسوبیکٹیریم‘ سے سر اور گردن کے کینسر کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ گائز اینڈ سینٹ تھامس اور کنگز کالج لندن کے محققین کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن مریضوں میں یہ بیکٹیریا زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے، ان میں اس مرض سے صحت یابی کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر میگوئل ریئس فریرا کی سربراہی میں ہونے والی اس تحقیق کے نتائج اس لیے بھی غیر متوقع ہیں کیونکہ اس سے قبل ’فیوسوبیکٹیریم‘ کو آنتوں کے کینسر کی ایک وجہ سمجھا جاتا تھا۔ کنگز کالج لندن کی سینئر کلینیکل ریسرچ فیلو ڈاکٹر انجلی چندر نے اس دریافت کو 'یوریکا لمحہ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہماری تحقیق کے نتائج بہت قابل ذکر اور حیران کن ہیں۔"
مطالعے کے مطابق ’فیوسوبیکٹیریم‘ کے سامنے آنے پر سر اور گردن کے کینسر کے خلیات میں 70 سے 99 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے نہ صرف سر اور گردن کے کینسر کے علاج میں بہتری آئے گی بلکہ بیکٹیریا اور کینسر کے مابین تعلق کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ تاہم ڈاکٹر چندر کے مطابق یہ بیکٹیریا آنتوں کے کینسر کو بڑھانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔ لہذا اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔