دبئی مالیاتی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور آمد، نئے اکاؤنٹس میں 85 فیصد اضافہ

دبئی، یکم اگست، 2024 (وام) --دبئی مالیاتی مارکیٹ (ڈی ایف ایم) میں رواں سال کے پہلے سات مہینوں میں غیر معمولی طور پر سرمایہ کاروں کی دلچسپی دیکھانے میں آئی ہے۔ مارکیٹ میں نئے آنے والی کمپنیوں، خاص طور پر "پارکن" اور "اسپنیز"، کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے مارکیٹ کا رخ کیاہے۔ اس دوران 56,345 نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھلے، جو گزشتہ سال کی نسبت 85 فیصد زیادہ ہیں۔

بروکریج فرموں میں بی ایچ ایم کیپیٹل فنانشل سروسز نے سب سے زیادہ 21,565 نئے اکاؤنٹس کھولے ہیں۔ ایمریٹس این بی ڈی سیکیورٹیز اور الرمز کیپیٹل بھی نمایاں رہیں۔ اس دوران 2.57 ملین سے زائد ٹرانزیکشنز ہوئیں جن میں 58.4 ارب حصص کی خرید و فروخت ہوئی، اور ان کی مالیت 114.5 ارب درہم سے تجاوز کر گئی۔ یہ اعداد و شمار مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔