ابوظہبی جوڈیشل ڈپارٹمنٹ کی 2024 کی پہلی ششماہی میں پانچ لاکھ سے زائد الیکٹرانک درخواستیں مکمل

ابوظہبی، 5 اگست 2024 (وام) – ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ نے 2024 کی پہلی ششماہی میں مختلف قانونی اور عدالتی خدمات سے متعلق ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد الیکٹرانک درخواستیں مکمل کیں ہیں۔

ڈیپارٹمنٹ نے عدالتی معاملات سے متعلق 394,800، پراسیکیوشن سے متعلق 49,821 اور نوٹری پبلک اور دستاویزی خدمات سے متعلق 69,487 درخواستیں نمٹائیں ہیں۔

ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے انڈر سیکریٹری، کونسلر یوسف سعید العبری نے کہا کہ اسمارٹ اے آئی سے بہتر خدمات کے ذریعے ان درخواستوں کو کامیابی سے نمٹانا، نائب صدر، نائب وزیر اعظم، صدارتی عدالت کے چیئرمین اور ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد جدید، مستقبل کی عدالتیں بنانا ہے جو ابوظہبی کی عالمی مسابقت کو مضبوط کریں۔

2024 کی پہلی ششماہی کے لیے جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجداری اور دیوانی مقدمات میں 283,802 بصری ٹرائل سیشن منعقد کیے گئےہیں۔ ابوظہبی کی عدالتوں نے ریموٹ مقدمے کے نظام کے لیے 100% ایکٹیویشن کی شرح حاصل کی ہے۔

فوجداری عدالتوں نے 78,388 فیصلے جاری کیے، جبکہ پبلک پراسیکیوشن نے 22,000 تعزیری احکامات جاری کیے اور 111,501 مقدمات حل کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی فیملی، سول اور ایڈمنسٹریٹو کورٹ میں 11,155، ابوظہبی کمرشل کورٹ میں 10,149 اور ابوظہبی لیبر کورٹ میں 1,848 مقدمات دائر کیے گئے، جن میں اوسطاً 98 فیصد تکمیل کی شرح حاصل کی گئی ہے۔

عدالتی خدمات میں، رپورٹ میں 40,254 نوٹری پبلک ٹرانزیکشنز، 26,593 دستاویزی ٹرانزیکشنز، اور ڈیجیٹل نکاح ناموں سے متعلق 2,640 ٹرانزیکشنز کی تکمیل کو ظاہر کیا گیا۔ متبادل تنازعات کے حل کے حوالے سے، ثالثی، مصالحتی اور خاندانی رہنمائی مراکز میں 12,518 مقدمات درج کیے گئےہیں۔ ان میں سے 5,968 مقدمات ثالثی اور مصالحت کے ذریعے مکمل ہوئے، اور 7,854 تنازعات خاندانی رہنمائی کے ذریعے حل کیے گئے، جبکہ خاندانی تنازعات کے لیے 8,446 دوستانہ تصفیہ کے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔