اسلام آباد، 19 اگست، 2024 (وام) – پاکستان کے آئی ٹی شعبے نے مالی سال 2024-25 کا آغاز مثبت انداز میں کیا ہے، جیسا کہ پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں آئی ٹی خدمات کی برآمدات میں 32.46 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 297 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق، اس مضبوط کارکردگی کا کریڈٹ بنیادی طور پر کمپیوٹر سروسز کے شعبے کو جاتا ہے، جس نے 23 فیصد سے زیادہ کی ترقی کی اور 23 کروڑ ڈالر سے بھی زائد کا کاروبار کیاہے۔
اور اس شعبے میں بھی سب سے زیادہ نمایاں کارکردگی سافٹ ویئر کنسلٹنسی کی رہی، جس نے تقریباً 25 فیصد اضافے کے ساتھ 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد کا کاروبار کیاہے۔
اگرچہ انفارمیشن سروسز اور کمپیوٹر سروسز کے بعض شعبوں میں کمی دیکھی گئی، لیکن ٹیلی کمیونیکیشن سروسز، خاص طور پر کال سینٹر سروسز (49.55 فیصد اضافے کے ساتھ 25.442 ملین امریکی ڈالر) اور دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز (113.74 فیصد اضافے کے ساتھ 41.468 ملین امریکی ڈالر) میں غیر معمولی اضافے نے اس شعبے کے مجموعی طور پر مثبت رجحان کو مزید تقویت دی ہے۔
یہ اعداد و شمار پاکستان کی آئی ٹی صنعت کے لیے مالی سال کے ایک امید افزا آغاز کی نشاندہی کرتے ہیں، جس کے ساتھ عالمی منڈی میں مسلسل توسیع کا امکان موجود ہے۔