کوپن ہیگن، 23 اگست 2024 (وام) – جنوب مغربی آئس لینڈ میں ایک آتش فشاں پہاڑ میں ایک بار پھر تباہ کن سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں جمعرات کے روز لاوا اور دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ آتش فشاں دسمبر سے لے کر اب تک چھٹی بار فعال ہوا ہے۔
آتش فشاں کی نگرانی کرنے والے آئس لینڈ کے محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہا کہ اس دراڑ کی کل لمبائی تقریبا 3.9 کلومیٹر (2.42 میل) تھی اور یہ تقریبا 40 منٹ میں 1.5 کلومیٹر تک پھیل گئی تھی۔
آئس لینڈ کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہاکہ، "اس کا اثر دراڑ کے مقام کے قریب ایک محدود علاقے تک ہے۔ یہ زندگی کے لیے خطرہ نہیں ہے، اور قریبی علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔"
محکمہ موسمیات نے کہا کہ لاوا قریبی ماہی گیری کے شہر گرینڈاوک کی طرف نہیں بہہ رہا تھا، جس کے تقریباً 4,000 رہائشیوں کو نومبر سے زیادہ تر خالی کرا لیا گیا ہے۔
ریکیاوک کے کیفلاوک ہوائی اڈے نے اپنے ویب پیج پر واضح کیا ہے کہ آتش فشاں کے پھٹنے کے باوجود پروازوں کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔