ابوظہبی، 27 اگست، 2024 (وام) - متحدہ عرب امارات نے مسجد الاقصیٰ کے اندر یہودی عبادت گاہ کی تعمیر کے بارے میں ایک اسرائیلی وزیر کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسرائیل کو یروشلم شہر کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا احترام کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا ہے۔
ایک بیان میں وزارت خارجہ نے مسجد الاقصیٰ کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور وہاں ہونے والی سنگین اور اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کو روکنے کی ضرورت پر متحدہ عرب امارات کے پختہ موقف کا اعادہ کیا ہے۔
مزید برآں، وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی قانون اور تاریخی حیثیت کے مطابق مقدس مقامات پر ہاشمی مملکت اردن کے سرپرستی کے کردار کا احترام کیا جانا چاہیے اور مسجد اقصی کے امور کی دیکھ بھال کرنے والے یروشلم اوقاف انتظامیہ کے اختیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
وزارت نے اردن کی جانب سے مذہبی اہمیت کے مقامات کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کے لیے متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا بھی اظہار کیا ہے۔