متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے عہدیدار کا غزہ میں انسانی ہمدردی کے ردعمل پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 5 ستمبر، 2024 (وام)-- نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مشرق وسطیٰ امن عمل کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر کے دفتر کے ڈپٹی اسپیشل کوآرڈینیٹر اور ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر مہناد ہادی سے ملاقات کی ہے۔

ابوظہبی میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ اور ہادی نے مشرق وسطیٰ کے خطے کی مجموعی صورتحال، غزہ کی پٹی میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران اور مربوط اور پائیدار میکانزم کے ذریعے اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

مذاکرات میں تمام شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور غزہ میں مشکل انسانی صورتحال سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت کے لئے اس مرحلے پر فوری جنگ بندی تک پہنچنے کی ترجیح پر زور دیا گیا ہے۔

شیخ عبداللہ نے ہادی کا خیرمقدم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم اور غزہ کی پٹی میں شہریوں کی مدد اور ان کے مصائب کو کم کرنے کے لئے ضروری انسانی امداد فراہم کرنے کی انکی کوششوں کی مکمل حمایت پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور لانا ذکی نصیبہ اور معاون وزیر خارجہ برائے ترقیاتی امور اور بین الاقوامی تنظیموں سلطان محمد الشمسی نے بھی شرکت کی۔