دبئی، 15 ستمبر 2024 (وام) -- دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن (ڈی ایف ایف) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین، عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے آج 'دبئی ریسرچ، ڈویلپمنٹ، اور انوویشن (آر ڈی آئی) گرانٹ انیشی ایٹو' کے آغاز کی منظوری دی ہے۔ اس کا مقصد دبئی کے کلیدی اقتصادی شعبوں میں نمایاں ترقی لانے والے مختلف ریسرچ پروجیکٹس کو ضروری مالی امداد فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام ستمبر 2022 میں عزت مآب شیخ حمدان کی طرف سے شروع کیے گئے دبئی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کا ایک اہم نتیجہ ہے۔ دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کی قیادت میں، دبئی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کا مقصد دبئی میں جدید آر ڈی آئی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع فریم ورک قائم کرنا ہے۔ یہ آر ڈی آئی پروجیکٹس، اقدامات، اور قانون سازی کے انتظام اور سرمایہ کاری کے لیے حکمت عملیوں کی وضاحت کرتا ہے، جبکہ اس کا مقصد مقامی آر اینڈ ڈی اخراجات میں اضافہ، فنڈنگ میں نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھانا اور ریسرچ پروجیکٹس کا آغاز کرنا بھی ہے۔
عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہاکہ، "ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے اقدامات دبئی کے کلیدی اقتصادی شعبوں کے مستقبل کے وژن کو حاصل کرنے کے لیے مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہم تمام سائنسی شعبوں میں عالمی قیادت کی طرف اپنے سفر پر مثبت اثر ڈالنے کے مقصد سے ریسرچ پروجیکٹس کی حمایت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "اس اقدام کے آغاز کے ساتھ، ہم دبئی کو دنیا کے مستقبل کے لیے تیار ترین شہروں میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور سائنسی تحقیق کو بامعنی کامیابیوں کے حصول کے لیے استعمال کرنے کے لیے سب سے زیادہ تیار ہیں۔ دبئی علاقائی اور بین الاقوامی سائنسدانوں اور محققین کے لیے پسندیدہ منزل بن جائے گا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے، ہمیں سرکاری اور نجی شعبوں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیوں اور ریسرچ اداروں کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مضبوط کرنا ہوگا۔"
'دبئی آر ڈی آئی گرانٹ انیشی ایٹو' کا مقصد اگلے مرحلے میں 20 ریسرچ پروجیکٹس کی حمایت کرنا ہے۔ انتخاب کا عمل مخصوص معیارات اور ضوابط کے تحت ہوگا۔
یہ اقدام دو آر ڈی آئی ترجیحی شعبوں کاگنیٹو سٹیز اور ہیلتھ اینڈ لائف سائنسز پر توجہ مرکوز کرے گا، جن کا مصنوعی ذہانت (AI) اور روبوٹکس سسٹمز کے شعبوں میں کراس کٹنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا۔