ایج گروپ اور انڈرا سسٹیمز کے درمیان ابوظہبی میں جوائنٹ وینچر "پلس" کے قیام کا معاہدہ

ابوظہبی، 18 دسمبر، 2024 (وام) --ایج گروپ اور انڈرا سسٹیمز (Indra)، جو 140 سے زائد ممالک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی نظام فراہم کرتی ہے، نے 18 دسمبر کو میڈرڈ میں ایک جوائنٹ وینچر "پلس" کے قیام کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جوائنٹ وینچر ابوظہبی میں قائم کیا جائے گا۔

نیا منصوبہ مقامی سطح پر ریڈار نظام کے ڈیزائن اور تیاری کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر مرکوز ہوگا اور موجودہ اور ممکنہ گاہکوں کی جانب سے مضبوط آرڈر سپورٹ حاصل کر چکا ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میڈرڈ میں وزارت دفاع میں منعقد ہوئی، جس میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز اور ایڈوانسڈ ٹیکنالوجیز اور ایج گروپ کے چیئرمین فیصل بن نای، اسپین کی وزیر دفاع مارگریٹا روبلیس،اسپین کی وزیر مملکت برائے دفاعی امور ماریا گاریسا،ایج گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او حمد المرال،انڈرا کے چیئرمین مارک موٹریرا،اور انڈرا کے سی ای او جوزے دی لوس موزوس نے شرکت کی۔

معاہدے کے مطابق، دونوں فریقین دو کمپنیاں قائم کریں گے, پہلی کمپنی، جس میں انڈرا کا حصہ 50.01% اور ایج کا حصہ 49.99% ہوگا، ریڈار نظام کی ترقی، ڈیزائن، انضمام، فروخت اور دیکھ بھال پر کام کرے گی۔دوسری کمپنی، جس میں ایج کا حصہ 50.01% اور انڈرا کا حصہ 49.99% ہوگا، ابوظہبی میں ایک نئی فیکٹری میں ریڈار آلات کی تیاری کی ذمہ دار ہوگی۔

یہ جوائنٹ وینچر موجودہ اور مستقبل کے ریڈار نظام اور ان کے اجزاء کے انجینئرنگ ڈیزائن، ترقی، تیاری، انضمام، اور دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرے گا اور انہیں ہائی پوٹینشل مارکیٹوں میں فروخت کرے گا۔ منصوبے کے تحت ریڈار کی پیداوار کی صلاحیت اور فروخت میں اضافہ ہوگا، علم اور مہارت کی منتقلی کے ذریعے متحدہ عرب امارات کو نئی ریڈار صلاحیتیں فراہم کی جائیں گی اور مقامی ماہرین کو تربیت دی جائے گی۔

ایج گروپ کے سی ای او حمد المرال نے کہا کہ 'پلس' نے دونوں فریقوں کے تعاون کی طاقت کو ظاہر کیا ہے اور ایج اور انڈرا کی مہارت کو ایک ساتھ لا کر نئی نسل کے ریڈار نظاموں کے ڈیزائن، ترقی اور تیاری کو ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایج جدید پروڈکشن سہولیات میں سرمایہ کاری کر کے متحدہ عرب امارات کو عالمی ریڈار جدت کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔