عجمان کے ولی عہد کی بھارتی سفیر سے ملاقات

عجمان، 23 دسمبر، 2024 (وام) --ولی عہد عجمان اور عجمان ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ عمار بن حمید النعیمی نے متحدہ عرب امارات میں جمہوریہ بھارت کے سفیر سنجے سدھیر سے ملاقات کی۔

شیخ عمار نے بھارتی سفارتکار کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے سکیں اور مختلف شعبوں میں بھارت کے ساتھ دوستی اور تعاون کے رشتے کو مضبوط بنا سکیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں بھارت کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے کئی امور پر گفتگو کی۔

سفیر سنجے سدھیر نے شیخ عمار کی مہمان نوازی اور گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی تعریف کی۔

ملاقات میں متعدد شیخوں اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔