غزہ، 9 جنوری، 2025 (وام) --اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے ‘یونیسف’ کے مطابق غزہ کی پٹی میں 2025 کے پہلے سات دنوں کے دوران مسلسل تشدد کے باعث کم از کم 74 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے کہاکہ، "غزہ کے بچوں کے لیے نیا سال مزید موت اور تکالیف لے کر آیا ہے، جن میں حملے، محرومی اور سردی کے اثرات شامل ہیں۔"
کیتھرین رسل نے مزید کہاکہ، "یونیسف طویل عرصے سے خبردار کر رہا ہے کہ ناکافی پناہ گاہیں، غذائیت اور صحت کی سہولیات تک رسائی کا فقدان، خراب صفائی کی صورتحال، اور اب سردیوں کے موسم نے غزہ کے تمام بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ خاص طور پر نوزائیدہ بچے اور وہ بچے جنہیں طبی مسائل کا سامنا ہے، زیادہ خطرے کا شکار ہیں۔"
یونیسف نے غزہ کے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔