ابوظہبی، 9 جنوری، 2025 (وام) --'NMDC' انرجی کو تائیوان پاور کمپنی 'Taipower' کی جانب سے تنگ-سیاؤ پاور پلانٹ کے دوسرے مرحلے کی تجدید کے منصوبے کے لیے ای پی سی (انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن) کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں پائپ لائن کی تنصیب، ساحلی کام اور کھدائی کے بڑے پیمانے پر کام شامل ہیں۔
اس $1.136 بلین ڈالر کے منصوبے میں تائیوان کے مغربی ساحل پر تائچونگ اور تنگ-سیاؤ کے درمیان 10 میٹر سے 55 میٹر کی گہرائی پر 111 کلومیٹر طویل زیرِ سمندر پائپ لائن کی ڈیزائن، تعمیر اور تنصیب شامل ہے۔ اس کے ساتھ تقریباً 6 ملین مکعب میٹر کھدائی کے کام اور ساحلی تعمیرات بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔
یہ منصوبہ 'NMDC' انرجی کی قیادت میں اور ‘NMDC’ ڈریجنگ اینڈ میرین کی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے مکمل کیا جائے گا۔ یہ کنٹریکٹ 'NMDC' گروپ کے مربوط اور کثیر الجہتی طریقہ کار کو نمایاں کرتا ہے، جو انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن میں ان کی مہارت کا عکاس ہے۔
'NMDC' گروپ کے سی ای او انجینئر یاسر زغلول نے اس موقع پر کہاکہ، "یہ تاریخی معاہدہ 'NMDC' انرجی کی عالمی قیادت اور انجینئرنگ و سمندری حل کے شعبے میں مہارت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، یہ تائیوان کی توانائی کی منتقلی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "ہمارا کام محض انفراسٹرکچر تک محدود نہیں؛ یہ خطے کی توانائی کی مضبوطی کے لیے پائیدار راستے بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔ یہ کنٹریکٹ ہمارے عالمی معیار کی مہارت اور اعلیٰ اثرات والے منصوبوں کی تکمیل کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔"
'NMDC' انرجی کے سی ای او انجینئر احمد سالم الظہری نے کہاکہ، "گزشتہ تین برسوں میں، ہم نے تائیوان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں اپنے آپریشنز کو جرات مندانہ طور پر وسعت دی ہے اور مختلف کلین انرجی کے انضمام کے مواقع کو کھولنے کے لیے اہم شراکت داریاں قائم کی ہیں۔"
یہ منصوبہ نہ صرف تائیوان کے توانائی کے انفراسٹرکچر کو مضبوط کرے گا بلکہ ‘NMDC’ گروپ کی عالمی سطح پر مربوط اور جدید منصوبوں کو مکمل کرنے کی صلاحیت کو بھی مزید اجاگر کرے گا۔