عجمان میں اتحاد گالف ٹورنامنٹ 24 سے 25 جنوری کو منعقد ہوگا

عجمان، 9 جنوری، 2025 (وام) --عجمان کے محکمہ سیاحت و ترقی نے اعلان کیا ہے کہ اتحاد عجمان گالف ٹورنامنٹ 24 اور 25 جنوری کو منعقد ہوگا۔ اس ایونٹ کو اتحاد واٹر اینڈ الیکٹرسٹی ‘EtihadWE’کی سرپرستی حاصل ہے۔

یہ ٹورنامنٹ محکمہ سیاحت کی جانب سے عجمان کے سیاحتی شعبے کی حمایت اور فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ اعلان آج الزورہ گالف کلب میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں عجمان سیاحت و ترقیاتی محکمے کے ڈائریکٹر جنرل محمود خلیل الہاشمی، اتحاد واٹر اینڈ الیکٹرسٹی کے سی ای او یوسف العلی، اور زورہ ڈیولپمنٹ کے سی ای او جارج سعد نے شرکت کی۔

محمود خلیل الہاشمی نے کہاکہ، "ہم اتحاد عجمان گالف چیمپئن شپ کی میزبانی پر بے حد خوش ہیں، جو کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف فعال شرکت کو فروغ دیتا ہے بلکہ کمیونٹی کے روابط کو مضبوط کرتا ہے اور بامعنی تعاملات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ عجمان سیاحت کے طور پر، ہم کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں منعقد کرنے اور ان کی حمایت کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دیتی ہیں۔ یہ ایونٹ عجمان کو کھیلوں کی سیاحت کے لیے ایک ممتاز مقام بنانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔"

یوسف العلی نے کہاکہ، "اتحاد واٹر اینڈ الیکٹرسٹی ایسے ایونٹس اور اقدامات کی سہولت فراہم کرتا ہے جو قوم کی بھلائی کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ ہماری کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اہداف کے حصول کے عزم کے مطابق ہے۔ اتحاد عجمان گالف چیمپئن شپ کی سرپرستی اور عجمان سیاحت و ترقیاتی محکمے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے، ہم ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے اور قومی ترقی کے لیے کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے خواہاں ہیں۔"

ٹورنامنٹ میں متحدہ عرب امارات بھر سے 120 ممتاز کھلاڑی شرکت کریں گے، جو چیمپئن شپ ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گے۔ یہ ایونٹ ایک پیشہ ورانہ ماحول میں منعقد ہوگا، جہاں کھلاڑی مقامی گالف کے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کر سکیں گے اور گالف کے شائقین کے ساتھ بات چیت کا موقع حاصل کریں گے۔