ابوظہبی، 10 جنوری، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات نے قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی امداد کے سلسلے میں اپنی انسانی ہمدردی کی کوششوں کے تحت سیلاب سے متاثرہ صومالیہ کے مختلف علاقوں کے لیے 700 ٹن ہنگامی خوراک کی امداد بھیجی ہے۔
یہ امداد اماراتی قیادت کی ہدایات پر بھیجی گئی ہے، تاکہ انسانی ہمدردی کی کوششوں کو مضبوط بنایا جا سکے اور برادر صومالی عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ امدادی سامان میں بنیادی خوراک کے پیکجز شامل ہیں، جو سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے تقریباً 150,000 افراد کی ضروریات پوری کرنے اور ان کمیونٹیز کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے صومالیہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر احمد جمعہ الرمیثی نے کہا کہ یہ امداد مشکل حالات میں صومالی عوام کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے یکجہتی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ، "یہ اقدام متحدہ عرب امارات اور صومالیہ کے قریبی دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ اماراتی قیادت متاثرہ کمیونٹیز کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ متحدہ عرب امارات مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، تاکہ امداد زیادہ سے زیادہ ضرورت مندوں تک پہنچے، ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے اور بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔"
یہ انسانی ہمدردی کے تحت قائم امدادی پل متحدہ عرب امارات کے ہنگامی حالات کے دوران عالمی سطح پر موثر کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی گہری انسانی اقدار کے عین مطابق ہے، جو دنیا بھر میں استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے وقف ہیں۔