جنوب مشرقی برازیل میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ، کم از کم 10 افراد ہلاک

برازیلیا، 13 جنوری، 2025 (وام) --جنوب مشرقی برازیل میں طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریاست میناس جیرائس کی ریسکیو سروسز نے اتوار کو اطلاع دی کہ ہفتہ کی رات، ایپاٹینگا شہر میں ایک گھنٹے کے دوران تقریباً 80 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں علاقے بھر میں لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات پیش آئے۔ اب تک 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں ایک آٹھ سالہ بچہ بھی شامل ہے، جو ایک لینڈ سلائیڈنگ سے تباہ ہونے والے گھر کے ملبے سے برآمد ہوا۔ ریسکیو ٹیموں نے قریبی قصبے سانتانا ڈو پاریسو سے ایک اور لاش بھی برآمد کی۔

ایک اور لینڈ سلائیڈنگ نے بیٹھانیا کے علاقے میں ایک پہاڑی کے دامن میں واقع گلی کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں راستے میں آنے والی ہر شے بہہ گئی۔

اتوار کی شام تک، اس علاقے سے ایک شخص لاپتہ ہے، تاہم اس شخص کے خاندان کے چار افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

ریاست میناس جیرائس کے گورنر رومیو زیما نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں متاثرین کے ساتھ "ہمدردی" کا اظہار کیا ہے۔