متحدہ عرب امارات، اٹلی، اور البانیہ کے درمیان قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے تاریخی شراکت داری کا معاہدہ

ابوظہبی، 15 جنوری، 2025 (وام) --صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا میلونی، اور البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما کی موجودگی میں، متحدہ عرب امارات، اٹلی، اور البانیہ نے ایک تاریخی سہ فریقی اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا، جس کا مقصد قابل تجدید توانائی کے تعاون اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

یہ معاہدہ ابو ظہبی پائیداری ہفتہ کے دوران "گرڈ انٹرکنیکٹیویٹی" پر اعلیٰ سطحی مکالمے میں کیا گیا، جس پر وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی، صدر کوپ28، اور مصدر کے چیئرمین عزت مآب ڈاکٹر سلطان الجابر؛ اٹلی کے وزیر ماحولیات و توانائی سیکیورٹی، جلبیرتو پیکیتو فراتین؛ اور البانیہ کی ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر برائے انفراسٹرکچر و توانائی، بلندا بالوکو نے دستخط کیے۔

شراکت داری کے تحت البانیہ میں بڑے پیمانے پر قابل تجدید توانائی کے منصوبے لگائے جائیں گے، جن میں سولر، ونڈ، اور ہائبرڈ حل شامل ہیں، جن میں ممکنہ بیٹری اسٹوریج بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، البانیہ اور اٹلی کے درمیان بجلی کی سرحد پار ترسیل کا نظام بھی شامل ہے، جو بحیرہ روم میں توانائی کی سلامتی اور صاف توانائی کے انتقال کو آگے بڑھائے گا۔

عزت مآب ڈاکٹر سلطان الجابر نے متحدہ عرب امارات کے عالمی توانائی کی تبدیلی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ، "یو اے ای کی قابل تجدید توانائی کی مہارت، البانیہ کے قدرتی وسائل، اور اٹلی کی جدید توانائی کی منڈی کا فائدہ اٹھا کر یہ تعاون پائیدار ترقی اور کاربن کے اخراج میں کمی کو فروغ دے گا۔"

اٹلی کے وزیر جلبیرتو پیکیتو فراتین نے اٹلی کے بحیرہ روم میں توانائی کے مرکز کے طور پر کردار کو نمایاں کیا، جبکہ البانیہ کی وزیر بلندا بالوکو نے اس شراکت داری کو البانیہ کے قابل تجدید توانائی کے عزائم اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔

یہ معاہدہ کوپ29 کے دوران مصدر اور البانیہ پاور کارپوریشن (KESH) کے درمیان البانیہ میں قابل تجدید توانائی کے منصوبے تیار کرنے کے لیے کیے گئے مشترکہ معاہدے پر مبنی ہے۔

اس تقریب میں یو اے ای کے سینئر حکام نے شرکت کی، جن میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور وزیر برائے بین الاقوامی تعاون، عزت مآب ریما بنت ابراہیم الہاشمی شامل ہیں۔