واشنگٹن، 16 جنوری، 2025 (وام) --امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
گزشتہ رات وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں امریکی صدر نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ امریکہ، مصر، اور قطر کی کئی مہینوں پر محیط سفارتی کوششوں کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیاکہ، "یہ معاہدہ غزہ میں لڑائی کو روک دے گا، فلسطینی شہریوں کے لیے بہت ضروری انسانی امداد فراہم کرے گا، اور 15 ماہ سے زائد قید کے بعد یرغمالیوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملا دے گا۔"
امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے 31 مئی 2024 کو اس منصوبے کی واضح خاکہ بندی کی تھی، جس کے بعد اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کی مستقل اور انتھک سفارتی کوششوں نے اس معاہدے کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہاکہ، “اب وقت آ گیا ہے کہ لڑائی ختم ہو اور امن و سلامتی کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔”