ابوظبی، 16 جنوری 2025 (وام) – ایڈنیک گروپ نے متحدہ عرب امارات میں متعین سفارتی نمائندوں اور فوجی اتاشیوں کے ساتھ ایک بریفنگ کا انعقاد کیا تاکہ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن ‘آئیڈیکس’اور نیول ڈیفنس اینڈ میرٹائم سیکیورٹی ایگزیبیشن 'نیوڈیکس' 2025 کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل ڈیفنس کانفرنس کے لیے کی جانے والی تازہ ترین تیاریوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ تقریبات، جو متحدہ عرب امارات کے صدر اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی میں منعقد ہو رہی ہیں، ایڈنیک گروپ کی جانب سے وزارت دفاع اور توازن کونسل کے تعاون سے ترتیب دی جا رہی ہیں۔ یہ ایونٹس ابوظبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ایڈنیک) میں 17 سے 21 فروری 2025 تک جاری رہیں گے۔
اعلیٰ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل اسٹاف پائلٹ فارس خلف المزروعی نے دفاعی صنعت میں متحدہ عرب امارات کے قائدانہ کردار پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ، "آئیڈیکس اور نیوڈیکس 2025 متحدہ عرب امارات کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ خود کو دفاعی صنعتوں کے عالمی مرکز کے طور پر قائم کرے۔ یہ ایڈیشن جدید دفاعی اور سیکیورٹی ٹیکنالوجیز کو پیش کرنے اور عالمی استحکام اور ترقی کو سپورٹ کرنے میں نئے سنگ میل طے کرے گا۔"
گزشتہ تین دہائیوں میں ان نمائشوں نے متحدہ عرب امارات کو عالمی دفاعی شعبے میں ایک کلیدی کھلاڑی کے طور پر مضبوط کیا ہے۔ 2025 کے ایڈیشنز کا مقصد جدت کو فروغ دینا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنا ہے، جس سے امارات کی دفاعی ٹیکنالوجیز کے مرکز کے طور پر شہرت مزید بڑھائی جا سکے گی۔
میجر جنرل اسٹاف پائلٹ مبارک سعید غفان الجابری، ڈپٹی چیئرمین اعلیٰ آرگنائزنگ کمیٹی، نے ان تقریبات کے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ، "آئیڈیکس اورنیوڈیکس جدید ترین اختراعات پیش کرنے، اماراتی اور عالمی تنظیموں کے درمیان شراکت داری کو سہولت فراہم کرنے، اور دفاعی شعبے میں امارات کی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے لیے بے مثال مواقع فراہم کرتے ہیں۔"
ایڈنیک گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او، حمید مطر الظہری، نے ان نمائشوں کی اقتصادی اور اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا: "اپنے 32 سالہ سفر کے دوران، آئیڈیکس دنیا کی سب سے بااثر عالمی دفاعی تقریبات میں سے ایک بن گیا ہے، جس نے 1.3 ملین شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کیا اور 175 بلین درہم سے زائد کے معاہدوں کا اعلان کیا۔ یہ تقریبات اماراتی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اختراع اور پائیداری کے لیے قومی اہداف کی حمایت کرتی ہیں۔"
2025 کے ایڈیشنز میں شرکت اور نمائش کی جگہ کے لحاظ سے نئے ریکارڈ قائم ہونے کی توقع ہے، جن میں جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز اور دفاعی اختراعات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔