پریاگ راج، بھارت، 29 جنوری 2025 (وام) – بھارت میں کمبھ میلہ کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
خبر ایجنسی فرانس پریس کے مطابق پریاگ راج میں میلے کے مقام پر موجود ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ، "اب تک 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔"
ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو جائے حادثہ سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، جہاں زمین پر جابجا کپڑے، جوتے اور دیگر اشیاء بکھری ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔
کمبھ میلہ 13 جنوری کو شروع ہوا تھا اور 26 فروری تک جاری رہے گا۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے، جو بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج میں دریاؤں کے کنارے ہر 12 سال بعد منعقد ہوتا ہے۔
اس سال انتظامیہ کو تقریباً 400 ملین (40 کروڑ) عقیدت مندوں کی شرکت کی توقع ہے۔