دبئی، 29 جنوری 2025 (وام) – ایمریٹس اسلامک نے 2024 میں 3.1 ارب درہم کا ریکارڈ قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح، خالص منافع بھی 2.8 ارب درہم کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جس میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ نمایاں ترقی فنڈڈ اور نان فنڈڈ آمدنی میں مثبت رجحان کے باعث ممکن ہوئی، جو بینک کی مضبوط کاروباری کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔
کل آمدنی 13 فیصد اضافے کے ساتھ 5.4 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ بینک کے اثاثے 27 فیصد بڑھ کر 111 ارب درہم ہو گئے۔ کسٹمر فنانسنگ 31 فیصد اضافے کے ساتھ 71 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ کسٹمر ڈپازٹس میں 25 فیصد اضافہ ہوا، جو 77 ارب درہم تک جا پہنچے۔
ایمریٹس اسلامک کے چیئرمین، ہشام عبداللہ القاسم نے کہاکہ، "امارات اسلامک نے 2024 میں اپنی تاریخ کی بہترین مالی کارکردگی پیش کی، جس نے ہمیں متحدہ عرب امارات کے تیزی سے ترقی کرنے والے اسلامی بینک کے طور پر مستحکم کیا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ، "بینک کی شاندار ترقیاتی رفتار اس کے مضبوط بیلنس شیٹ میں بھی دیکھی جا سکتی ہے، جہاں 2020 کے بعد سے ہمارے اثاثے کسی بھی دیگر اماراتی اسلامی بینک کے مقابلے میں تیزی سے بڑھے ہیں۔"
امارات اسلامک کے سی ای او، فرید المُلّا کے مطابق ایمریٹس اسلامک نے 2024 میں تمام توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تاریخ کا سب سے زیادہ منافع حاصل کیا۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی فنڈڈ اور نان فنڈڈ آمدنی میں زبردست اضافے کے باعث ممکن ہوئی، جس نے مستحکم خالص منافع کی شرح اور کم لاگت پر خطرات کے انتظام کو یقینی بنایا۔