ایئر عربیہ کی شارجہ سے ایتھوپیا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز

شارجہ، 31 جنوری 2025 (وام) – شارجہ ایئرپورٹ نے جمعرات کے روز ایئر عربیہ کی ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا کے لیے پہلی براہ راست پرواز کا آغاز کیا، جس سے شارجہ سے بین الاقوامی سفری مقامات کی فہرست مزید وسعت اختیار کر گئی ہے۔

ایئر عربیہ ہفتے میں تین دن – ہفتہ، منگل اور جمعرات – شارجہ اور ادیس ابابا کے درمیان ایئربس A320 طیارے کے ذریعے پروازیں چلائے گی۔

افتتاحی پرواز کی روانگی کے موقع پر متعدد معزز شخصیات موجود تھیں، جن میں چیئرمین شارجہ ایئرپورٹ اتھارٹی علی سلیم المدفع، ڈائریکٹر شارجہ ایئرپورٹ اتھارٹی شیخ فیصل بن سعود القاسمی، ایتھوپیا کے قونصل جنرل برائے متحدہ عرب امارات، سفیر اقللو کبدے ایرینا، ایئر عربیہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، عدیل العلی اور ایتھوپیا کے نائب قونصل جنرل، اسمیلاش بیکلے وولدی مریم شامل تھے۔

علی سلیم المدفع نے کہاکہ، "ادیس ابابا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز شارجہ ایئرپورٹ کے افریقی شہروں اور دارالحکومتوں تک نیٹ ورک کو وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد متحدہ عرب امارات اور ایتھوپیا کے درمیان مسافروں اور کارگو کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے مختلف شعبوں بشمول سیاحت، فریٹ، کارگو ہینڈلنگ، برآمدات اور دوبارہ برآمدات میں ترقی ہوئی ہے۔

ایتھوپیا کے قونصل جنرل، سفیر اقللو کبدے ایرینا نے اس روٹ کو "سفری سہولت سے بڑھ کر ایک اسٹریٹجک پل" قرار دیا جو امارات اور ایتھوپیا کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تبادلے کو فروغ دے گا اور مسافروں کی نقل و حرکت کو مزید آسان بنائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ،"ہمیں امید ہے کہ یہ اقدام ہوابازی کے شعبے میں مزید قریبی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔ ہم مستقبل میں ان پروازوں کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے منتظر ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کیا جا سکے اور اقتصادی انضمام کو مزید مستحکم کیا جا سکے"۔

ایئر عربیہ کے سی ای او عدیل العلی نے کہاکہ، "ہمیں شارجہ سے ادیس ابابا کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز پر خوشی ہے، جو مسافروں کو کاروباری اور تفریحی سفر کے لیے مزید آسان اور سستی سفری سہولیات فراہم کرے گا"۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نیا روٹ ایئر عربیہ کے کم لاگت، قابل اعتماد اور وسیع تر سفری نیٹ ورک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔