ابوظہبی میں دنیا کے سب سے بڑے میتھانول پلانٹس میں سے ایک کی تعمیر کا معاہدہ

ابوظبی، 3 فروری 2025 (وام) – ‘تَعزیز’ کے اعلان کے مطابق سیمسنگ ای اینڈ اے (SAMSUNG E&A) کو 1.7 ارب ڈالر (6.2 ارب درہم) مالیت کا انجینئرنگ، خریداری اور تعمیراتی (EPC) معاہدہ دیا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ابوظبی کے الظفرہ ریجن میں الرویس انڈسٹریل سٹی میں دنیا کے سب سے بڑے میتھانول پلانٹس میں سے ایک تعمیر کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات میں مقامی کیمیکل انڈسٹری کی ترقی اور معاشی تنوع کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ سالانہ 1.8 ملین ٹن میتھانول پیدا کرنے والا یہ پلانٹ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی سہولت ہوگی۔

یہ جدید پلانٹ 2028 تک مکمل ہوگا اور گرڈ سے فراہم کی جانے والی صاف توانائی کے ذریعے چلایا جائے گا، جو اسے دنیا کے سب سے زیادہ توانائی مؤثر میتھانول پلانٹس میں شامل کرے گا۔

تَعزیز کے سی ای او مشعل سعود الکندی نے کہاکہ، "یہ تاریخی انجینئرنگ، خریداری اور تعمیراتی معاہدہ متحدہ عرب امارات کی صنعتی ترقی کے فروغ کے ہمارے ویژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ پلانٹ متحدہ عرب امارات کو پائیدار کیمیکل پروڈکشن میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں مدد دے گا اور ادنوک کی عالمی کیمیکل صنعت میں قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کرے گا۔"

سیمسنگ ای اینڈ اے کے صدر اور سی ای او، ہونگ نام کونگ کے مطابق یہ معاہدہ تَعزیز اور سیمسنگ ای اینڈ اے کے صنعتی اختراعات اور متحدہ عرب امارات کی معیشت کے تنوع کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس تاریخی منصوبے سے متحدہ عرب امارات کو جدید میتھانول پروڈکشن کے عالمی مرکز کے طور پر فروغ ملے گا۔"

تَعزیز کے ابتدائی مرحلے میں، 2028 تک 4.7 ملین ٹن سالانہ کیمیکل تیار کیے جائیں گے، جن میں میتھانول، لو کاربن امونیا، پولی وینائل کلورائیڈ (PVC)، ایتھیلین ڈائی کلورائیڈ، وینائل کلورائیڈ مونو مر اور کاسٹک سوڈا شامل ہوں گے۔

ان میں سے کئی کیمیکلز پہلی بار متحدہ عرب امارات میں تیار کیے جائیں گے، جو مقامی کیمیکل انڈسٹری کی ترقی اور صنعتی ترقی کے ذریعے معیشت کے تنوع کو فروغ دینے کے تَعزیز کے اسٹریٹجک اہداف کی عکاسی کرتے ہیں۔