ابوظہبی، 1 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات نے خطے اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کو ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر مستحکم کیا ہے، جو سال بھر سیاحوں کی اولین ترجیح ہے۔ خاص طور پر موسم سرماکو امارات میں سیاحت کے عروج کا وقت سمجھا جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا سردیوں کا موسم معتدل درجہ حرارت، تفریحی مواقع، شاپنگ، کاروباری امکانات اور قدرتی مناظر میں سکون فراہم کرنے کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ خوبصورت قدرتی مناظر پہاڑوں، صحرا، ساحلی علاقوں اور قدرتی ذخائر پر مشتمل ہیں، جو سیاحوں کے لیے بے شمار سرگرمیوں کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
حال ہی میں، متحدہ عرب امارات نے اپنی پانچویں سالانہ "ورلڈس کولیسٹ ونٹر" مہم کا آغاز کیا، جو ملک کی عوام، ثقافت اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔
یہ مہم شہریوں، رہائشیوں اور بین الاقوامی سیاحوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، تاکہ وہ متحدہ عرب امارات کی گزشتہ 53 برسوں میں ہونے والی کامیابیوں کو ایک منفرد سیاحتی تجربے کے ذریعے دریافت کر سکیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے 2024 کے "ٹریول اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ انڈیکس" میں، متحدہ عرب امارات نے خطے میں پہلی اور عالمی سطح پر 18ویں پوزیشن حاصل کی، جو پچھلی درجہ بندی کے مقابلے میں سات درجے بہتر ہے۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے مطابق، 2024 کے آخر تک متحدہ عرب امارات میں 29.2 ملین بین الاقوامی سیاح آئے جبکہ 2033 تک، متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 45.5 ملین تک پہنچنے کی توقع ہے۔
متحدہ عرب امارات میں سردیوں کے دوران سیاحوں کے لیے متعدد تفریحی اور مہم جوئی کی سرگرمیاں دستیاب ہیں، جن میں صحرا کی سیر، پہاڑوں میں ہائیکنگ، پیرا گلائیڈنگ، چٹانوں پر چڑھنا، اور ریپیلنگ شامل ہیں۔
سیاح خیمہ لگانے، اونٹ سواری، روایتی بدو طرز زندگی کے تجربے، اور رات کے وقت صحرائی آسمان میں ستاروں کے مشاہدے جیسے منفرد تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، کیونکہ متحدہ عرب امارات کی صاف شفاف صحرائی راتیں ستارے دیکھنے کے لیے بہترین مقامات میں شمار ہوتی ہیں۔
ڈنمارک کے ایک سیاح، لیام اینڈریو نے متحدہ عرب امارات میں اپنے سرمائی سیاحت کے تجربے کو بے مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ، "یہاں کا جادوئی ماحول اور قدرتی خوبصورتی حیران کن ہے۔ سنہری صحرا، وسیع وادیوں، پر سکون ساحلوں اور بلند و بالا پہاڑوں میں ایڈونچر کا الگ ہی مزہ ہے۔ ہم نے ہائیکنگ، صحرا کی سفاری، کیمپنگ جیسے تجربات کیے۔"
ان کی اہلیہ، ایما نے کہا کہ، "شاپنگ نے ہمارے تجربے کو مزید یادگار بنا دیا۔ متحدہ عرب امارات میں عالمی معیار کے شاپنگ مالز اور شاندار رعایتی آفرز موجود ہیں، جہاں ہر عمر کے افراد کے لیے تفریحی مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔"
"نیشنل ٹورازم اسٹریٹیجی 2031" کے تحت، متحدہ عرب امارات کا ہدف ہے کہ وہ 2031 تک 100 بلین درہم کی سیاحتی سرمایہ کاری حاصل کرے اور سالانہ 40 ملین مہمانوں کی ہوٹلز میں میزبانی کرے۔