بغداد میں عرب وزرائے نوجوانان و کھیل کونسل کا اجلاس، یو اے ای کی فعال شرکت

بغداد، 4 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات نے عراقی دارالحکومت بغداد میں منعقدہ عرب وزرائے نوجوانان و کھیل کونسل کے 48ویں اجلاس اور اس کے 71ویں ایگزیکٹو آفس اجلاس میں شرکت کی۔

یو اے ای کی نمائندگی وزارت کھیل کے انڈر سیکرٹری، غانم مبارک الہجری نے کی، جبکہ اجلاس میں مختلف عرب ممالک کے نوجوانان اور کھیلوں کے شعبوں کے وزراء اور عہدیداران، نیز عرب لیگ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں عرب نوجوانوں کو سپورٹ اور بااختیار بنانے کے کئی منصوبوں اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں "عرب اسٹریٹیجی برائے نوجوانان، امن اور سلامتی" بھی شامل ہے، جو 2025 میں لانچ کی جائے گی اور آئندہ عرب سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہوگی۔

اس کے علاوہ، اجلاس میں درج ذیل اہم منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں عرب یوتھ یونین کے قیام کا منصوبے، عرب فورم برائے نوجوان موجدین، نوجوانوں کو معاشرتی ترقی میں فعال کردار دینے کے لیے مختلف پروگرامز، عرب ممالک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کمیونٹی اسپورٹس کی معاونت اور کلبوں و کھیلوں کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔

غانم مبارک الہجری نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات، اپنی قیادت کے ویژن اور رہنمائی کے مطابق، عرب دنیا میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کے بااختیار بنانے کے مشترکہ عرب اقدامات کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای عرب کھیلوں کے شعبے کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے موثر پالیسیوں اور اقدامات کے فروغ میں مکمل تعاون فراہم کرے گا، تاکہ نوجوانوں کو ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اجلاس میں کئی دیگر نوجوانان اور کھیلوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں غزہ اور جنوبی لبنان میں تباہ شدہ کھیلوں کی سہولیات کی بحالی کے لیے فنڈ کے قیام کی تجویز،عرب فورم برائے کیمپنگ اور اسکاؤٹنگ، نوجوانوں کے لیے "ایکسلینس اینڈ کریئٹیویٹی ایوارڈ" کا آغاز اور عرب دنیا میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی کے لیے مزید سرگرمیوں کا انعقادجیسی تجاویز شامل تھیں۔

اجلاس کے دوران کئی اہم سفارشات پیش کی گئیں، جن میں سب سے نمایاں اردن کے دارالحکومت عمان کو 2025 کے "عرب یوتھ کیپیٹل" کے طور پر اعلان کرنا شامل تھا۔

اس کے علاوہ، اردن کو "عرب اسٹریٹیجی برائے نوجوانان، امن اور سلامتی (2023-2028)" کے نفاذ کے منصوبے کے آغاز کی میزبانی کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔