متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 6 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے توانائی و انفراسٹرکچر، سہیل محمد المزروئی نے بحرین کے وزیر برائے تعمیرات ابراہیم بن حسن الہواج سے ملاقات کی، جس میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی اقدامات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات ابوظہبی میں وزارتِ توانائی و انفراسٹرکچر کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی، جہاں ال مزروئی نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ،"بحرین کے وزیر برائے تعمیرات کے ساتھ یہ ملاقات ہمارے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک قیمتی موقع تھا۔ ہم بحرین کے ساتھ اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ آئندہ مرحلے میں تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔"

وزارتِ توانائی و انفراسٹرکچر میں انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ امور کے انڈر سیکرٹری، حسن محمد المنصوری نے بحرینی وزیر کو دبئی میں وزارت کے صدر دفتر میں خوش آمدید کہا۔

یہ دورہ وزارت کے بہترین منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، وفاقی سڑکوں کی ترقی اور بیوروکریسی کے خاتمے کے لیے کی گئی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔

المنصوری نے کہاکہ، "ایسی ملاقاتیں مشترکہ ترجیحات کی شناخت، بہترین طریقوں کے تبادلے، اور تیز رفتار ترقی کے مواقع تلاش کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔"

دورانِ ملاقات، بحرینی وزیر کو وزارت کے جدید ترین منصوبوں، اثاثہ جات کے انتظامی پروٹوکول، اور ٹریفک سیفٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔