ابوظہبی، 6 فروری 2025 (وام) – زاید یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے جدت طرازی کے جشن "یو اے ای اننویٹس 2025" کے تحت 50 سے زائد تقریبات کا انعقاد کرے گی۔
فروری کے دوران، دبئی اور ابوظہبی میں زاید یونیورسٹی کے کیمپسز میں مختلف نوعیت کے ایونٹس، ورکشاپس، مقابلے، اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کے ذریعے مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔
اس سال کا پروگرام "جدت کے ذریعے مستقبل کو بااختیار بنانا"کی تھیم کے تحت ترتیب دیا گیا ہے، جس میں مختلف شعبوں بشمول مصنوعی ذہانت، پائیداری، کاروباری اختراعات اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ تقریبات طلبہ کو حقیقی دنیا کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرنے اور متحدہ عرب امارات کے عالمی مرکز برائے اختراع بننے کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔
زاید یونیورسٹی کے قائم مقام نائب صدر پروفیسر مائیکل ایلن نے کہاکہ، “زاید یونیورسٹی متحدہ عرب امارات کی علمی معیشت میں منتقلی کے وژن کے مطابق جدت کے کلچر کو پروان چڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انوویشن منتھ ہمارے طلبہ، اساتذہ اور ماہرین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے ان کے انقلابی خیالات اور اختراعی حلوں کو نمایاں کرتا ہے۔”