دبئی، 10 فروری 2025 (وام) – دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) نے 2024 میں 30.98 بلین درہم کی ریکارڈ آمدنی کی اطلاع دی ہے، جو 6.18 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ ‘EBITDA’ (سود، ٹیکس، استہلاک اور مالی اخراجات سے قبل کی آمدنی) 15.70 بلین درہم جبکہ ٹیکس کے بعد خالص منافع 7.24 بلین درہم رہا۔
چوتھی سہ ماہی 2024 میں، دیوا کی آمدنی 7.45 بلین درہم جبکہ EBITDA' 3.95' بلین درہم اور ٹیکس کے بعد خالص منافع 1.76 بلین درہم ریکارڈ کیا گیا۔
دیوا نے اپنی ڈیویڈنڈ پالیسی کے تحت 2027 تک سالانہ 6.2 بلین درہم تقسیم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔H1 2024 کے لیے 3.1 بلین درہم کا ڈیویڈنڈ اکتوبر میں تقسیم کیا گیا تھا جبکہ H2 2024 کے لیے مزید 3.1 بلین درہم کا ڈیویڈنڈ اپریل 2025 میں شیئر ہولڈرز کی منظوری کے بعد دیا جائے گا۔
دیوا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او، سعید محمد الطائر نے کہا کہ کمپنی دبئی کے نیٹ زیرو 2050 حکمت عملی کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جہاں 17.8 فیصد پیداواری صلاحیت اب کلین انرجی ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے۔
دیوا کا نیٹ ورک، جو 1.27 ملین صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے، دنیا کے بہترین معیارات کے مطابق کارکردگی پیش کرتا ہے۔ اس کی بجلی کے لائن نقصانات کی شرح محض 2% جبکہ پانی کے نقصانات 4.5% کی کم ترین سطح پر ہے، جو عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔ مزید برآں، سالانہ صارفین کے منٹس لاسٹ (Customer Minutes Lost) ایک منٹ سے بھی کم ہے، جو کہ صارفین کو اعلیٰ ترین خدمات کی بلاتعطل فراہمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
دیوا نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت 12 کلیدی کارکردگی کے اشاریوں میں عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کے علاوہ، محمد بن راشد المکتوم سولر پارک کے لیے 2024 S&P گلوبل پلاٹس انرجی ایوارڈ بھی حاصل کیا، جو اس کی پائیداری اور توانائی کے شعبے میں جدت پسندی کی عکاسی کرتا ہے۔
دیوا کا فوکس پائیدار ترقی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، اور آپریشنل کارکردگی بڑھانے پر ہے، تاکہ ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔