شاہ عبداللہ دوم: "فلسطینیوں کی بے دخلی کے خلاف ہمارا مؤقف غیر متزلزل ہے، یہ عرب دنیا کا مشترکہ مؤقف ہے"

عمان، 11 فروری 2025 (وام) – اردن کے بادشاہ، عزت مآب شاہ عبداللہ دوم نے اپنے سرکاری "ایکس" اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شائع کی، جس میں انہوں نے فلسطینیوں کو غزہ اور مغربی کنارے سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف اردن کے غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہاکہ، "یہ عرب دنیا کا متفقہ مؤقف ہے۔ فلسطینیوں کی بے دخلی کے بغیر غزہ کی تعمیر نو اور شدید انسانی بحران کے حل کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔" یہ بیان ان کی واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر دیا گیا۔

شاہ عبداللہ دوم نے مزید کہاکہ، "میں نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے خلاف اردن کے واضح مؤقف کو دہرایا۔ یہ ایک متحدہ عرب مؤقف ہے، اور ہماری اولین ترجیح غزہ کی تعمیر نو اور انسانی بحران کے حل پر مرکوز ہونی چاہیے۔"

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ “دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ امن کا قیام ہی علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔”