یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل کا یو اے ای کے ثقافتی تعاون میں کلیدی کردار پر اظہارِ تحسین

دبئی، 12 فروری 2025 (وام) – اقوامِ متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (یونیسکو) کی ڈائریکٹر جنرل، آڈری آزولے نے عالمی ثقافتی تعاون میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اسے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بحران کے بعد بحالی کی کوششوں میں ایک کلیدی شراکت دار قرار دیا ہے۔

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2025 میں گفتگو کرتے ہوئے، آزولے نے عالمی سطح پر تعلیم، ثقافت اور سائنسی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے "موصل کی روح کی بحالی" منصوبے (Revive the Spirit of Mosul) کی مثال پیش کی، جو 2018 میں شروع کیا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات نے اس منصوبے کے مرکزی مالیاتی شراکت دار کے طور پر نمایاں کردار ادا کیا، جس کے تحت موصل کے کئی تاریخی مقامات بحال کیے گئے۔

ان مقامات میں النوُری مسجد اور اس کا مشہور الحدباء مینار، کلیسائے "کانوینٹ آف آور لیڈی آف دی آور" اور الطاہرہ چرچ، المسجد الاغوات،الاخلاص اسکول (پرانی موصل کے علاقے میں) شامل ہیں۔

2024 کے آخر تک، 124 تاریخی مکانات کی بحالی مکمل ہوچکی تھی، جس سے بے گھر ہونے والے خاندان دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہو گئے۔

آزولے نے حالیہ دورۂ موصل کے دوران اس تاریخی مرکز میں زندگی کی رونقیں بحال ہوتے دیکھنے پر مسرت کا اظہار کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ثقافتی ورثے کی بحالی معاشرتی ترقی اور تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

آزولے نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اقوامِ متحدہ (UN) اور جی-20 جیسے عالمی فورمز پر ثقافتی سفارت کاری کے حوالے سے ایک مضبوط شراکت دار ہے۔

انہوں نے یو اے ای کے پیشہ ورانہ تعلیم (ووکیشنل ایجوکیشن) اور فنون لطیفہ میں عالمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کو سراہا، خاص طور پر ابوظہبی میں گزشتہ سال تکنیکی تعلیم پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کو اس سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا۔

آزولے نے اعلان کیا کہ ابوظہبی 30 اپریل 2025 کو یونیسکو کے بین الاقوامی جاز ڈے کی میزبانی کرے گا۔

یہ ایونٹ ثقافتی سرگرمیوں، نمائشوں اور موسیقی ورکشاپس پر مشتمل ہوگا، جس میں خطے بھر کے طلبہ اور فنکار شریک ہوں گے۔

علاوہ ازیں، ایک اعلیٰ سطحی ثقافتی سمٹ کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں عالمی رہنما فنون کے ذریعے مکالمے اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تبادلۂ خیال کریں گے۔