ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2026 کے انعقاد کا اعلان، 3 سے 5 فروری کو دبئی میں منعقد

دبئی، 14 فروری 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران، عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے تحت ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2026 کا انعقاد 3 سے 5 فروری 2026 تک دبئی میں ہوگا۔

یہ سمٹ متحدہ عرب امارات کے عالمی شراکت داری کے فروغ، بہترین حکومتی تجربات کے تبادلے اور جدید کاروباری ماڈلز کی تخلیق کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو انسانیت کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گے۔

وزیر امور کابینہ اور ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے چیئرمین، محمد القرقاوی نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے مطابق، یہ سمٹ عالمی سطح پر حکومتی اقدامات کو جدید بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ، "ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے 12ویں ایڈیشن میں حکومتی شراکت داریوں کو مزید مستحکم کیا گیا اور بہترین پالیسیوں کے تبادلے سے حکومتی حکمت عملیوں، پالیسیوں اور وژنز کی تشکیل میں مدد ملی۔ ان اقدامات نے نہ صرف حکومتی کارکردگی کو بہتر بنایا بلکہ پائیدار ترقی اور معاشروں کی خوشحالی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔"

محمد القرقاوی نے اس بات پر زور دیا کہ سمٹ کا بنیادی مقصد خاص طور پر ابھرتے ہوئے چیلنجز کی نشاندہی اور ان کے مؤثر حل کی تشکیل کے ذریعے انسانی ذہانت اور تخیل کو متحرک کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ، "یہ سمٹ ان چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ تمام شعبوں میں عالمی ترقی کو تیز کیا جا سکے، اور مؤثر حکومتی نظام کی ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔"

محمد القرقاوی کے مطابق یہ کوشش مستقبل کے لیے بہتر حکمرانی کی پالیسیوں، وژن اور طریقوں کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی، جس سے آئندہ نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت دی جا سکے گی۔"

القرقاوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے یہ بھی بتایاکہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2025 کا 12واں ایڈیشن اپنی غیرمعمولی شرکت کے باعث نمایاں رہا، جہاں دنیا بھر کی حکومتوں کے علاوہ نجی شعبے کے کئی اہم اداروں کی بھرپور نمائندگی دیکھنے میں آئی، جو مستقبل کے عالمی رجحانات کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2025 میں 6,000 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس سمٹ میں 30 سے زائد سربراہانِ مملکت اور حکومتوں کی موجودگی نے اس کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا، جبکہ 80 سے زائد بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں نے بھی اپنی شرکت سے اسے ایک حقیقی عالمی پلیٹ فارم بنا دیا۔ علاوہ ازیں، 140 حکومتی وفود نے شرکت کرتے ہوئے عالمی تعاون اور پالیسی سازی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2025 کے دوران کئی اہم مباحثے اور تحقیقی رپورٹس پیش کی گئیں۔ سمٹ کے ایجنڈے میں 21 عالمی فورمز شامل تھے، جن میں مستقبل کے اہم رجحانات اور عالمی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ، 200 سے زائد انٹرایکٹو سیشنز منعقد ہوئے، جن میں 300 سے زائد عالمی مقررین، بشمول صدور، وزراء، ماہرین اور فیصلہ سازوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔

مزید برآں، سمٹ کے دوران 30 سے زائد وزارتی ملاقاتیں اور گول میز مباحثے منعقد کیے گئے، جن میں 400 سے زائد وزراء نے شرکت کی اور پالیسی سازی اور عالمی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے ساتھ ہی، 30 اسٹریٹجک رپورٹس بھی شائع کی گئیں، جو کہ بین الاقوامی علمی شراکت داروں کے تعاون سے تیار کی گئیں اور عالمی پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔