آئیڈیکس 2025 میں 'ایج' کا جدید الیکٹرانک وارفیئر، ریڈار اور آپٹیکل سسٹمز کی رونمائی

ابوظبی، 18 فروری 2025 (وام) – ایج ‘EDGE’، جو دنیا کی صفِ اوّل کی جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعتوں میں شامل ہے، نے بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس 2025 ‘آئیڈیکس 2025’ کے موقع پر جدید الیکٹرانک وارفیئر (EW)، ریڈار اور الیکٹرو-آپٹیکل/انفراریڈ (EO/IR) سسٹمز کی نئی رینج متعارف کرائی ہے۔

یہ جدید دفاعی سسٹمز ایج کے پورٹ فولیو میں نمایاں توسیع کی علامت ہیں، جو اسے اعلیٰ کارکردگی والے سینسرز اور برقی مقناطیسی (Electromagnetic) ٹیکنالوجیز میں عالمی سطح پر مزید مستحکم مقام فراہم کرتے ہیں، جو جدید جنگی حکمت عملی کے لیے ناگزیر ہیں۔

ایج نے نئے ملٹی تھریٹ ایکٹیو الیکٹرانکلی اسکینڈ ارے (AESA) ریڈارز کی نیموس (NEMUS) سیریز متعارف کرائی ہے، جو انٹیلی جنس، سرویلنس، ٹارگٹ ایکوزیشن اور ریکانسننس (ISTAR) آپریشنز کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ، ایج نے اگلی نسل کے 3D گراؤنڈ ریڈارز کی ٹواق (TAWAQ) فیملی بھی لانچ کی ہے، جو مصنوعی ذہانت سے لیس جدید صلاحیتیں فراہم کرتی ہے۔

ایج نے اپنی مِرصاد (MIRSAD) فیملی بھی متعارف کرائی، جو ہوائی، بحری اور زمینی نگرانی اور ہدف کی درست نشاندہی کے لیے ایک جدید EO/IR سسٹم ہے۔ اس میں اعلیٰ معیار کی امیجنگ، ٹریکنگ اور لیزر ڈیسیگنیشن ٹیکنالوجی شامل ہے، جو پیچیدہ جنگی ماحول میں مؤثر کارروائی اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتی ہے۔

ایج نے ‘GPS PROTECT GNSS’ اینٹی-جیمنگ سسٹم کی دو نئی اقسام ’GPS PROTECT-4' اور ‘GPS PROTECT-8’ متعارف کرائی ہیں، جو ڈیجیٹل سگنل پروسیسنگ اور جدید اینٹینا ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ریڈیو فریکوئنسی (RF) مداخلت سے 'GNSS' ریسیورز کی حفاظت کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ، ایج نے اسکائی شیلڈ 'SKYSHIELD' کاؤنٹر-یو اے ایس 'C-UAS' سسٹم کے دو نئے ماڈلز بھی لانچ کیے ہیں جن میں بحری نگرانی اور دفاع کے لیے ‘SKYSHIELD-N (Naval)’ اور زمینی دفاعی کارروائیوں کے لیے 'SKYSHIELD-T (Trailer-mounted)' شامل ہیں۔

یہ سسٹمز ڈرونز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول (C2) چینلز کو جام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ‘GNSS’ اسپیکٹرم کے مکمل دائرہ کار میں 'UAS' کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔

آئیڈیکس 2025 میں پہلی بار، ایج نے 'BORDERSHIELD' نامی نئی سرحدی نگرانی کا نظام متعارف کرایا ہے، جو 15 کلومیٹر تک خودکار مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈرونز، افراد اور گاڑیوں کی شناخت کر سکتا ہے۔

یہ نظام جدید ٹیکنالوجیز پر مشتمل ہے جس میں اعلیٰ طاقت والا سیلولر نظام (GSM, UTMS, LTE, 5G NSA بینڈز پر کام کرنے کی صلاحیت)، تھرمل آپٹیکل کیمرہ، اعلیٰ ریزولوشن ریڈار اور C2 سسٹم برائے حقیقی وقت میں نگرانی شامل ہے۔

ایج نے حال ہی میں اپنے "ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن (T&I) کلسٹر" کے تحت اپنی الیکٹرانک وارفیئر، ریڈار، اور 'EO/IR' ٹیکنالوجیز کو مزید منظم کیا ہے۔

یہ اقدام جدید تحقیق کو قابلِ عمل دفاعی حل میں بدلنے، پیداوار کو بہتر بنانے، اور جدید عسکری ٹیکنالوجیز کو تیز رفتاری سے عملی شکل دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس حکمت عملی کے ذریعے ‘ایج’ اپنی دفاعی خودمختاری اور عالمی تکنیکی قیادت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔