ابوظبی، 18 فروری 2025 (وام) – ایج گروپ کی ذیلی کمپنی، ای پی آئی، جو متحدہ عرب امارات کی ایرو اسپیس، تیل و گیس، اور دفاعی صنعت میں جدید انجینئرنگ کے میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہے، نے آج عالمی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ مفاہمتی خط (Letter of Intent - LoI) پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد امارات کی صنعتی ترقی کو فروغ دینا، قومی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، اور اہم دفاعی شعبوں میں خود کفالت کو یقینی بنانا ہے۔
یہ معاہدہ ابوظبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ایڈنیک) میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس ‘آئیڈیکس 2025’ کے دوران طے پایا، جو 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی۔ معاہدے پر ای پی آئی کے سی ای او، مائیکل ڈیشیس، اور لاک ہیڈ مارٹن کی میزائلز اینڈ فائر کنٹرول ڈویژن کے نائب صدر برائے بزنس ڈیولپمنٹ، جان ایس کلارک نے دستخط کیے، جبکہ ایج گروپ کے پلیٹ فارمز اینڈ سسٹمز کلسٹر کے صدر، خالد الزعابی نے اس موقع پر گواہ کے طور پر شرکت کی۔
مفاہمتی معاہدے کے تحت، ای پی آئی اور لاک ہیڈ مارٹن صنعتی ترقی، دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے، اور اہم دفاعی شعبوں میں خود کفالت کو مضبوط بنانے کے مواقع تلاش کریں گے۔
ای پی آئی کے سی ای او، مائیکل ڈیشیس نے اس شراکت داری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ، "ای پی آئی کی بنیادی حکمت عملی میں اہم ایرو اسپیس اور دفاعی شعبے کے اداروں کے ساتھ شراکت داری شامل ہے، تاکہ ہماری آپریشنز کو متنوع بنایا جا سکے۔ ہمارا ہدف جدید ترین صنعتی صلاحیتوں کو مقامی سطح پر فروغ دینا ہے، جو ایج کے مشن کے عین مطابق ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم امارات کو ایک مسابقتی صنعتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔"
لاک ہیڈ مارٹن کے نائب صدر جان ایس کلارک نے کہاکہ، “لاک ہیڈ مارٹن کو ای پی آئی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر ہے، تاکہ اختراع کو فروغ دیا جا سکے، مقامی صنعت کو تقویت دی جا سکے، اور متحدہ عرب امارات کی طویل مدتی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے۔ یہ تعاون ہمارے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے، جس کے تحت ہم جدید ترین ٹیکنالوجیز فراہم کرنے اور خطے میں ایک مستحکم صنعتی بنیاد قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔”