ادنوک اور او ایم وی کا بڑا انضمام، 220 ارب درہم کی عالمی کیمیکل کمپنی قائم

ابوظہبی-ویانا، 3 مارچ 2025 (وام) – ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) اور آسٹریا کی ایک کمپنی او ایم وی نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے حصص کو ضم کرکے "بوروج گروپ انٹرنیشنل" تشکیل دیں گے۔

نئی کمپنی 49.2 ارب درہم کے عوض شمالی امریکہ کی کیمیکل پروڈیوسر “نوا کیمیکلز کارپوریشن”کو حاصل کرے گی۔ "بوروج 4" کی شمولیت کے ساتھ، یہ کمپنی 220 ارب درہم سے زائد مالیت کی ایک مربوط عالمی کیمیکل کمپنی بن جائے گی اور دنیا کی چوتھی سب سے بڑی پولی اولیفنز پروڈیوسر ہوگی۔

بوروج گروپ انٹرنیشنل کا ہیڈکوارٹر ویانا اور ابوظہبی میں ہوگا اور اسے ادنوک اور او ایم وی مشترکہ طور پر کنٹرول کریں گے۔ اس معاہدے کے تحت، او ایم وی کمپنی میں 1.6 ارب یورو (6.1 ارب درہم) کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ اس کے حصص برابر کیے جا سکیں۔ یہ نئی کمپنی سالانہ 1.8 ارب درہم کی مالیاتی ہم آہنگی کے ساتھ اعلیٰ ترین منافع کی حامل ہوگی اور ابوظبی سیکیورٹیز ایکسچینج میں لسٹڈ "بوروج پی ایل سی" کے موجودہ شیئر ہولڈرز کے لیے ڈیویڈنڈ میں مزید اضافہ کرے گی۔

اس موقع پر ادنوک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او، ڈاکٹر سلطان احمد الجابر نے کہاکہ، "یہ تاریخی معاہدے ادنوک کی عالمی کیمیکل حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات کے مطابق، ہم بین الاقوامی ترقی کے اپنے وژن کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔ او ایم وی کے ساتھ ہماری 25 سالہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے، ہم عالمی سطح پر ایک نئی کیمیکل انڈسٹری پاور ہاؤس قائم کر رہے ہیں، جو جدید ٹیکنالوجیز، بہترین مصنوعات، اور عالمی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرے گی۔"

"بوروج گروپ انٹرنیشنل" بوروج، بوریلس اور نوا کی مشترکہ طاقت کو یکجا کرے گا، جس میں اعلیٰ معیار کے خام مال، ترقی پذیر مارکیٹس تک رسائی، عالمی سطح کی ٹیکنالوجیز، اور قابل تجدید مصنوعات کی قیادت شامل ہوگی۔

یہ نئی کمپنی مختلف شعبوں میں اپنی مصنوعات کی مہارت جیسے کہ بوروج کی جدید زرعی مصنوعات، بوریلس کے ٹیکسٹائل، اور نوا کے پائیدار پیکیجنگ حل سے بھی مستفید ہوگی۔

"بوروج 4" 2026 میں نئی کمپنی میں شامل کیا جائے گا، جس کی لاگت تقریباً 27.5 ارب درہم ہوگی، اور اس کے ساتھ "بوروج گروپ انٹرنیشنل" یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور شمالی امریکہ میں 13.6 ملین ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ دنیا کی چوتھی بڑی پولی اولیفنز پروڈیوسر بن جائے گی۔

یہ معاہدہ ادنوک اور او ایم وی کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں، ایڈنوک کا حصہ اس نئی کمپنی میں "ایکس آر جی" کے ذریعے منتقل کیا جائے گا، جو کہ ایڈنوک کی بین الاقوامی توانائی سرمایہ کاری کمپنی ہے۔

ایکس آر جی، جسے 2024 میں 80 ارب ڈالر سے زائد کی مالیت کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا، ایڈنوک کی عالمی ترقی کو تیز کرنے اور زیادہ قدر کی حامل سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک کلیدی عنصر کے طور پر کام کرے گا۔

پولی اولیفنز ایک پائیدار اور ہلکا پھلکا مواد ہے، جو پیکیجنگ، گھریلو مصنوعات، طبی سامان اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف صنعتی شعبوں میں استعمال ہوتا ہے۔