شارجہ میں 42ویں رمضان نائٹس نمائش 6 مارچ سے شروع ہوگی

شارجہ، 4 مارچ 2025 (وام) – ایکسپو سینٹر شارجہ 6 مارچ سے 42ویں "رمضان نائٹس" نمائش 2025 کا آغاز کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جو 30 مارچ تک جاری رہے گی۔

یہ نمائش شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سرپرستی میں ایکسپو سینٹر شارجہ کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے اور اسے امارت کے نمایاں تجارتی اور ثقافتی ایونٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سال 200 سے زائد معروف ریٹیلرز اور تقریباً 500 عالمی و مقامی برانڈز نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔

35ویں شارجہ رمضان فیسٹیول کے حصے کے طور پر منعقد ہونے والی یہ نمائش زائرین کے لیے رمضان کی روحانی و ثقافتی روایات سے لطف اندوز ہونے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔

نمائش میں متعدد مصنوعات پر 75 فیصد تک خصوصی رعایتیں اور پرکشش پروموشنز پیش کی جا رہی ہیں۔ خریدار خصوصی پیشکشوں، حیرت انگیز انعامات اور قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات جیتنے کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

16,000 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلی یہ نمائش 1,50,000 سے زائد زائرین کی میزبانی کرے گی، جبکہ اس میں تفریحی شوز، کھانے کے منفرد تجربات اور خاندانی تفریح کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا متنوع پروگرام بھی شامل ہوگا۔

ایکسپو سینٹر شارجہ کے سی ای او، سیف محمد المدفع نے کہاکہ، "ہم ہر سال رمضان نائٹس نمائش کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ زائرین کو خریداری اور تفریح کا ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کیا جا سکے۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ "اس سال کی نمائش میں ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کی توسیع، مارکیٹنگ پروموشنز اور دلچسپ پیشکشیں شامل کی گئی ہیں، جو زائرین کی دلچسپی کو مزید بڑھانے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ہمارا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں خاندان یادگار رمضان راتوں سے لطف اندوز ہو سکیں اور ساتھ ہی نمائش کنندگان کی خصوصی پیشکشوں اور نمایاں رعایتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔"