لندن، 3 مارچ 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کے ایک وفد نے مقدس ماہِ رمضان کے موقع پر لندن کے گریٹ اورمنڈ اسٹریٹ اسپتال (GOSH) میں زیر علاج اماراتی بچوں کی عیادت کی۔
اس دورے کی قیادت وزارت خارجہ میں اسسٹنٹ وزیر برائے طبی امور اور لائف سائنسز، ڈاکٹر مہا بارکات نے کی، جنہوں نے بچوں اور ان کے اہل خانہ کو خصوصی رمضان تحائف دے کر ان کی خوشیوں میں اضافہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مہا بارکات نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ، "ہماری دعائیں تمام بچوں کے روشن اور صحت مند مستقبل کے لیے ہیں۔ آج ہم نے جن بہادر بچوں سے ملاقات کی، ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور ‘GOSH’کی ماہر طبی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہیں۔"
یہ دورہ متحدہ عرب امارات اور ‘GOSH’ کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو 2014 میں اس وقت مستحکم ہوئے جب عزت مآب شیخہ فاطمہ بنت مبارک، "مدر آف دی نیشن"، نے 60 ملین پاؤنڈ کا عطیہ دیا۔ اس عطیے سے لندن میں زاید سینٹر فار ریسرچ اِنٹو ریئر ڈیزیز اِن چلڈرن (ZCR) کا قیام عمل میں آیا۔
یہ عالمی معیار کی تحقیقاتی سہولت GOSH، یونیورسٹی کالج لندن (UCL)، اور گریٹ اورمنڈ اسٹریٹ اسپتال چلڈرنز چیریٹی (GOSH چیریٹی) کے اشتراک سے نایاب بیماریوں کے علاج اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے قائم کی گئی ہے۔