ابوظہبی، 5 مارچ 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ایف ایکس گلوبل کوڈ پر دستخط کیے، جس کے ساتھ ہی وہ اس ضابطے کو اپنانے والا عرب دنیا کا پہلا مرکزی بینک بن گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے سی بی یو اے ای عالمی سطح پر غیر ملکی زرمبادلہ کے بازار میں دیانت داری اور بہترین کاروباری اصولوں کے فروغ میں دیگر مرکزی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ شامل ہو گیا ہے۔
سی بی یو اے ای کی جانب سے اس معاہدے پر دستخط مرکزی بینک کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ غیر ملکی زرمبادلہ کے بازار میں دیانت داری، شفافیت، اور پیشہ ورانہ اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے ایف ایکس گلوبل کوڈ کے اصولوں پر عمل درآمد کرے گا۔
یہ کوڈ عالمی زرمبادلہ کے بازار میں معیاری طریقہ کار کے لیے مشترکہ رہنما اصول فراہم کرتا ہے، جس کا مقصد دیانت داری، شفافیت، اور منصفانہ طرز عمل کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ذریعے مارکیٹ کے شرکاء میں اعلیٰ اخلاقی اور پیشہ ورانہ معیارات کی پاسداری کو یقینی بنایا جاتا ہے، جس سے عالمی مالیاتی نظام کے استحکام اور تحفظ میں مدد ملتی ہے۔
سی بی یو اے ای کے گورنر، خالد محمد بالعمہ نے کہاکہ، "ایف ایکس گلوبل کوڈ کو اپنانا اس بات کی توثیق ہے کہ متحدہ عرب امارات کا مرکزی بینک ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کے بازار کی دیانت داری اور مؤثریت کو بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم مارکیٹ کے شرکاء کے لیے اخلاقی اصولوں اور پیشہ ورانہ ضوابط کو فروغ دینے میں عالمی ریگولیٹرز اور مارکیٹ اداروں کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔"
انہوں نے مزید بتایاکہ، "ہمیں عرب دنیا کے پہلے مرکزی بینک کے طور پر اس کوڈ کو اپنانے پر فخر ہے، اور ہم ایک شفاف اور مستحکم مالیاتی ماحول کے قیام میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔"
ایف ایکس گلوبل کوڈ کی پاسداری سی بی یو اے ای کے مالیاتی منڈی کے مؤثر انتظام اور علاقائی سطح پر ایک مثال قائم کرنے کے وسیع تر اہداف کے مطابق ہے۔
سی بی یو اے ای نے متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے تمام لائسنس یافتہ مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایف ایکس گلوبل کوڈ کی روشنی میں اپنے طرز عمل کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پاس نگرانی کے مناسب نظام موجود ہوں۔ مزید برآں، ان اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھی ایف ایکس گلوبل کوڈ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کریں۔