ارجنٹینا کے شہر بہیا بلانکا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 13 افراد ہلاک، مزید جانی نقصان کا خدشہ

بیونس آئرس، 9 مارچ 2025 (وام) – ارجنٹینا کے ساحلی شہر بہیا بلانکا میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق دو کم سن بچیاں، جن کی عمریں چار اور ایک سال ہیں، جمعہ کے روز طوفانی بارش کے دوران پانی کے ریلے میں بہہ گئیں اور تاحال لاپتہ ہیں۔

بارش کے نتیجے میں اسپتال کے کمروں میں پانی بھر گیا، متعدد علاقے ڈوب گئے، اور شہر کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ارجنٹینا کی نیشنل سیکیورٹی وزیر پیٹریسیا بلریچ نے بہیا بلانکا کو "تباہ حال" قرار دیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ میئر آفس نے مزید نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔یہ شہر بیونس آئرس سے 600 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

صوبائی سیکیورٹی وزیر جیویر الونسو کے مطابق، جمعہ کی صبح شروع ہونے والی طوفانی بارش نے صرف آٹھ گھنٹوں میں 400 ملی میٹر (15.7 انچ) بارش برسا دی، جو بہیا بلانکا کی سالانہ اوسط بارش کے برابر ہے۔

ہفتہ کے روز بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 1,321 سے کم ہو کر 850 رہ گئی، جبکہ ریسکیو ٹیمیں نقصان کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔

بہیا بلانکا اس سے قبل 2023 میں بھی شدید طوفان کی زد میں آیا تھا، جس میں 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے، کئی مکانات گر گئے تھے، اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا تھا۔