امارات کے سیپا معاہدے: ڈیجیٹل تجارت میں عالمی قیادت کے لیے نئی راہیں متعین

ابوظہبی، 9 مارچ 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کے عالمی جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے ‘سیپا’ اماراتی کمپنیوں کو ڈیجیٹل تجارت کے شعبے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات مستقبل کے لیے تیار معیشت کے عزم کے تحت اپنی اہم صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجیز کو ضم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس نے ڈیجیٹل تجارت کے لیے عالمی معیارات طے کرنے میں اپنی قیادت کو مزید مستحکم کیا ہے۔

مصنوعی ذہانت اور بلاک چین پر مبنی کسٹمز کلیئرنس جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے، امارات بین الاقوامی تجارت کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے نمایاں اقدامات کر رہا ہے۔

امارات کے ‘سیپا’ معاہدے روایتی تجارت سے آگے بڑھ کر خدمات کے خصوصی ابواب شامل کرتے ہیں، جن میں ڈیجیٹل تجارت کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔

اماراتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے وام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ، "امارات دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ڈیجیٹل تجارت کی معیشتوں میں شامل ہے۔ 2023 میں ملک کی کل ڈیجیٹل سروسز برآمدات 47.91 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 2022 کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں 63 فیصد سے زائد خدمات بشمول فِن ٹیک، انشورنس، کنسلٹنگ اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے کلیدی شعبے کی برآمدات اب ڈیجیٹل ذرائع سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر الزیودی نے وضاحت کی کہ مصنوعی ذہانت اب محض ایک معاون ٹیکنالوجی نہیں بلکہ مستقبل کے تجارتی نظام کا بنیادی ستون بن چکی ہے۔

"جن ممالک نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والی تجارتی پالیسیاں اور ڈیجیٹل معاہدے اپنائے ہیں، وہ آئندہ دہائی میں عالمی معیشت کی قیادت کریں گے۔"

امارات کے سیپا معاہدے اماراتی کاروباری اداروں کو عالمی سطح پر مسابقت، توسیع اور جدت کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

ہر معاہدے میں دانشورانہ املاک کے حقوق (IPRs) کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی باب شامل ہے، جس کے تحت اماراتی برانڈز، تخلیقات، اور جدت طرازیوں کو بین الاقوامی سطح پر قانونی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔

اب امارات میں تیار کردہ ٹیکنالوجیز، برانڈز، اور تخلیقی مواد ان معاہدوں کے تحت شراکت دار ممالک میں قانونی طور پر محفوظ ہیں۔

یہ تحفظ اماراتی کاروباری اداروں کو اپنے پیٹنٹ اور ٹریڈ مارکس کو تیزی سے رجسٹر کرنے، اپنی اختراعات کو فروخت کرنے، اور عالمی سطح پر پھیلانے کا اعتماد فراہم کرتا ہے۔