متحدہ عرب امارات میں فطری افراد کے لیے کارپوریٹ ٹیکس رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 مارچ 2025 مقرر

ابوظہبی، 9 مارچ 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کی وفاقی ٹیکس اتھارٹی (FTA) نے آج فطری افراد Natural' Persons' کے لیے کارپوریٹ ٹیکس رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 مارچ 2025 مقرر کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اس ڈیڈ لائن کے بعد رجسٹریشن میں ناکامی پر ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی اور متعلقہ انتظامی جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

وفاقی ٹیکس اتھارٹی نے وضاحت کی کہ اگر کوئی فطری شخص متحدہ عرب امارات میں کاروبار یا کاروباری سرگرمی انجام دیتا ہے اور اس کا سالانہ ٹرن اوور 2024 میں 1 ملین درہم سے تجاوز کر جاتا ہے، تو وہ کارپوریٹ ٹیکس کے لیے قابل ٹیکس فرد 'Taxable Person' ہوگا۔

ایسے افراد کو اس سال کے اختتام تک (31 مارچ 2025) اپنی ٹیکس رجسٹریشن مکمل کرنی ہوگی تاکہ وہ اپنی کارپوریٹ ٹیکس کی تعمیل کی ذمہ داری پوری کر سکیں۔

اتھارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ اگر کوئی فطری فرد 2024 میں 31 جولائی تک اپنا ریونیو 1 ملین درہم سے تجاوز کرتا ہے، تو اسے لازمی طور پر 31 مارچ 2025 تک کارپوریٹ ٹیکس کے لیے رجسٹر ہونا ہوگا۔

کارپوریٹ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اگر کوئی شخص مقررہ تاریخ تک ٹیکس رجسٹریشن مکمل نہیں کرتا تو اسے 10,000 درہم کا انتظامی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

رجسٹریشن کے عمل کو مزید وضاحت دیتے ہوئے، اتھارٹی نے کہا کہ 'VAT' یا ایکسائز ٹیکس کے رجسٹرڈ افراد اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے براہ راست "امیرا ٹیکس" پلیٹ فارم پر لاگ ان کر کے رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔

یہ ڈیجیٹل سروس 24 گھنٹے فعال ہے اور رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد کارپوریٹ ٹیکس کے لیے مخصوص رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا۔