ابوظہبی، 13 مارچ، 2025 (وام) – اے ڈی پورٹس گروپ کی ڈیجیٹل شاخ، مقطع ٹیکنالوجیز گروپ، اور پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے ایک اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ پاکستان سنگل ونڈو، جو حکومتِ پاکستان کی سرکاری ملکیت میں ہے، ملکی سنگل ونڈو سسٹم کو چلانے والا ادارہ ہے، جو تجارت کو آسان بنانے کے لیے درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ سے متعلق ڈیٹا کو ایک متحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
یہ شراکت پاکستان کی سرحد پار تجارت میں ڈیجیٹل جدت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے، جس میں دونوں ادارے جدید ڈیجیٹل حل کے ڈیزائن اور نفاذ کے حوالے سے اپنی مہارتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
مزید برآں، اس معاہدے کے تحت ڈیجیٹل کسٹمز کلیئرنس، اسمارٹ ویئرہاؤسنگ، رسک مینجمنٹ سسٹمز، ای کامرس، کارگو/پورٹ کمیونٹی سسٹمز، سنگل ونڈو، تجارتی مالیات، اور پیش گوئی پر مبنی تجزیے جیسے جدید اقدامات شامل کیے جائیں گے، جن سے تجارتی عمل کو بہتر اور خطرات کو کم کیا جا سکے گا۔
یہ شراکت داری مصنوعی ذہانت، بلاک چین، اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے تجارت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے، تاخیر کو کم کرنے، شفافیت میں اضافے اور ریگولیٹری کمپلائنس کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
معاہدے کے تحت، مقطع ٹیکنالوجیز گروپ اور پاکستان سنگل ونڈو مل کر عالمی سطح پر ڈیجیٹل تجارتی سہولت اور لاجسٹک حل میں تجارتی مواقع کی نشاندہی اور ترقی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ اس کا مقصد محفوظ تجارتی لین دین کو یقینی بنانا، بغیر کاغذی دستاویزات کے ذریعے ماحول دوست تجارت کو فروغ دینا، اور کاربن مؤثر لاجسٹکس حل فراہم کرنا ہے۔
ڈیجیٹل کلسٹر اور مقطع ٹیکنالوجیز گروپ – اے ڈی پورٹس گروپ کی سی ای او ڈاکٹر نورة الظہری نے کہاکہ، "ہماری شراکت داری پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ سرحد پار تجارت کو جدید ڈیجیٹل حل کے ذریعے مزید بہتر بنانے کے ہمارے عزم کا اظہار کرتی ہے۔ ہم اپنی مشترکہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور عالمی منڈیوں میں تجارتی سہولت کاری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں گے۔"
پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او سید آفتاب حیدر نے کہاکہ، “یہ شراکت داری بین الاقوامی تجارتی سہولت کاری میں پاکستان سنگل ونڈو کے کردار کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ مقطع ٹیکنالوجیز گروپ عالمی سطح پر ڈیجیٹل تجارتی اور کسٹمز حل میں وسیع مہارت رکھتا ہے، جبکہ اکستان سنگل ونڈو خطے میں کامیاب ترین سنگل ونڈو عمل درآمد کے طور پر ابھر رہا ہے۔ مل کر، ہم تجارتی سہولت کاری میں نمایاں پیش رفت لانے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہیں۔”