رأس الخیمہ، 13 مارچ، 2025 (وام) – رأس الخیمہ اکنامک زون نے حال ہی میں برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو اور جوئن ویلی میں ایک کامیاب روڈ شو منعقد کیا، جس کا مقصد برازیلی کاروباری اداروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا اور متحدہ عرب امارات اور وسیع تر مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ خطے میں کاروباری توسیع کے مواقع کو اجاگر کرنا تھا۔
رأس الخیمہ اکنامک زون کی ٹیم نے تعمیرات، آٹوموٹو، خوراک و مشروبات (F&B)، پلپ اینڈ پیپر (P&P)، اور تعمیراتی مواد کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں کاروبار کرنے کی آسانی، لاگت میں مؤثر حل، اور رأس الخیمہ کے اسٹریٹجک محل وقوع پر روشنی ڈالی گئی، جو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
رأس الخیمہ اکنامک زون نے اپنے رابطے مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم کاروباری کونسلوں، صنعتی انجمنوں اور دیگر اداروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں تاکہ برازیلی کمپنیوں کو ترقی پذیر مارکیٹوں میں توسیع کے مواقع سے روشناس کرایا جا سکے۔
برازیلی کمپنیاں اب اپنی روایتی امریکی منڈیوں سے آگے دیکھتے ہوئے مشرق وسطیٰ جیسے ترقی پذیر خطوں میں مواقع تلاش کر رہی ہیں۔
متحدہ عرب امارات برازیل کا خطے میں دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2023 میں 4.3 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ ان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کے باعث مزید برازیلی کمپنیاں متحدہ عرب امارات میں توسیع کے مواقع تلاش کر رہی ہیں، جہاں انہیں ایک مسابقتی کاروباری ماحول اور عالمی سطح پر مربوط سہولتیں میسر ہیں۔
رأس الخیمہ اکنامک زون گروپ کے سی ای او رامی جلاد نے روڈ شو کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، "برازیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات مزید تعاون کے دروازے کھول رہے ہیں۔ کئی برازیلی کمپنیاں اب روایتی منڈیوں سے ہٹ کر نئی جگہوں پر توسیع کے خواہاں ہیں، اور رأس الخیمہ ایک پرکشش موقع پیش کرتا ہے، جہاں کاروبار کے لیے دوستانہ ماحول اور ترقی پذیر خطوں تک رسائی موجود ہے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "اس روڈ شو کے ذریعے، ہم نے کلیدی صنعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ تعلقات استوار کیے اور انہیں دکھایا کہ رأس الخیمہ اکنامک زون کے کسٹمائزڈ بزنس سلوشنز ان کے عالمی عزائم کو کیسے سہارا دے سکتے ہیں۔"
رأس الخیمہ اکنامک زون طویل عرصے سے برازیلی کاروباری برادری کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے رہا ہے، اور یہ تازہ ترین روڈ شو صنعتی رہنماؤں کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنے اور رأس الخیمہ کی مسابقتی کاروباری برتری کو اجاگر کرنے میں اہم ثابت ہوا۔
برازیلی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور رأس الخیمہ ایک کاروباری مرکز کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہے۔
رأس الخیمہ اکنامک زون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر نئے بازاروں کی تلاش جاری رکھے گا اور کاروباری تعاون کے مزید مواقع پیدا کرے گا، تاکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہو سکے۔