ہنڈوراس میں طیارہ حادثے کا شکار، 7 افراد ہلاک

ٹیگوسیگالپا، 18 مارچ، 2025 (وام) – ہنڈوراس کے کیریبین ساحل کے قریب پیر کی رات ایک طیارہ پرواز کے چند منٹ بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 10 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

حکام کی تصدیق کےمطابق یہ جٹ اسٹریم طیارہ ہنڈوراس کی ایئرلائن "لانسا" کے زیرِ انتظام تھا، جو 14 مسافروں اور 3 عملے کے ارکان کو لے جا رہا تھا۔ ملک کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق، طیارے کا ملبہ رواتان جزیرے کے ساحل سے تقریباً 1 کلومیٹر (0.6 میل) کے فاصلے پر ملا۔

رواتان کے فائر کیپٹن فرینکلن بورجاس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی، جبکہ پولیس اور فائر بریگیڈ کے حکام نے امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات فراہم کیں۔

حادثے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکیں۔ فرینکلن بورجاس نے بتایا کہ خراب موسمی حالات نے تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ، "حادثے کے مقام تک رسائی مشکل رہی کیونکہ وہاں 30 میٹر (98 فٹ) کی چٹانیں ہیں، اور وہاں پیدل چل کر یا تیر کر پہنچنا ممکن نہیں۔"